بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر سبکدوش میئر اور چیئرمین ہی ایڈمنسٹر یٹر ہونگے : سندھ کابینہ میں تجویز

  بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر سبکدوش میئر اور چیئرمین ہی ایڈمنسٹر یٹر ہونگے : سندھ کابینہ میں تجویز

لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترامیم تیار، یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین کیخلاف عدم اعتماد کیلئے دو تہائی اکثریت لازم 120 روز قبل الیکشن کاعمل شروع،برقی گاڑیوں کیلئے ٹیکس ورجسٹریشن مراعات میں 2سال توسیع ،کاشتکاروں کیلئے پیکیج منظور

کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی حکومت میں اصلاحات، کچے کے علاقے کے جامع سروے ، چھوٹے گندم کاشتکاروں کیلئے امدادی پیکیج، برقی گاڑیوں کیلئے ٹیکس و رجسٹریشن مراعات میں 2028 تک توسیع سمیت متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترامیم کے پیکیج پر غور کیا، جس کے تحت  کونسل کی مدت ختم ہونے سے 120 روز قبل بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع کرنے کی تجویز دی گئی ۔ انتخابات میں تاخیر کی صورت میں سبکدوش ہونے والے میئر یا چیئرمین کو بطور ایڈمنسٹریٹر کام جاری رکھنے کی اجازت دینے ، یونین کونسل اور یونین کمیٹی کے چیئرمینوں و وائس چیئرمینوں کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کیلئے دو تہائی اکثریت لازم قرار دینے اور ڈپٹی میئر یا وائس چیئرمین کو کنوینر کا کردار سونپنے کی تجاویز بھی پیکیج میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ترامیم کا جائزہ لینے اور سندھ اسمبلی کو بھجوانے سے قبل سفارشات مرتب کرنے کیلئے شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، جام خان شورو، نجمی عالم اور سلیم بلوچ پر مشتمل ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔محکمہ زراعت کی جانب سے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے ہدفی ڈی اے پی کھاد سبسڈی کی تجاویز کی منظوری دی گئی۔ سندھ حکومت نے سرکاری خریداری میں گندم فروخت کرنے والے کاشتکاروں کو اضافی سبسڈی دینے اور دیگر اہل چھوٹے کاشتکاروں کو بھی امدادی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے پاسکو سے 2 لاکھ 23 ہزار 455 میٹرک ٹن گندم خریدنے اور اس کی نقل و حمل کے انتظامات کی منظوری دی، جس میں سے ایک لاکھ 30 ہزار ٹن کراچی منتقل کی جائے گی۔کابینہ نے غیر تجارتی برقی گاڑیوں کیلئے ٹیکس اور رجسٹریشن مراعات میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دی، جس کا اطلاق 30 مئی 2026ء سے 29 مئی 2028ء تک ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...