اسلام آباد ماڈل جیل کو اصلاحی ، بحالی مرکز بنایا جائے ، سینیٹ کمیٹی

 اسلام آباد ماڈل جیل کو اصلاحی ، بحالی مرکز بنایا جائے ، سینیٹ کمیٹی

سینیٹ قائمہ کمیٹی ہاؤسنگ و ورکس کا دورہ جیل ،تکمیل میں تاخیر پر اظہار تشویش جیل میں منی سینما قائم، فائر سیفٹی آلات 15 یو م میں نصب کریں ،سینیٹر ناصر محمود

 اسلام آباد(سید قیصرشاہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و ورکس نے اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کرتے ہوئے جیل کی تعمیر، جدید سہولیات ،قیدیوں کے لیے مجوزہ ہنر مندی کے پروگراموں کا جائزہ لیا ۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ناصر محمود کی زیرصدارت دورے میں سینیٹر خالدہ عتیب ، سینیٹر حسینہ بانو، سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر محمد اسلم ابڑو نے شرکت کی۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ مجموعی لاگت 7 ارب 39 کروڑ 91 لاکھ 20 ہزار روپے ہے جبکہ تعمیراتی کام تقریباً 97 فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔ کمیٹی نے منصوبے کی تکمیل میں طویل تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ 2017ء میں شروع کیا گیا تھا، اس لیے اسے مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے ۔ ارکان نے زور دیا کہ ماڈل جیل محض روایتی جیل نہ ہو بلکہ اسے جدید اصلاحی و بحالی مرکز بنایا جائے ۔ کمیٹی نے خصوصاً پہلے مرحلے میں خواتین اور کم عمر قیدیوں کے لیے سہولیات شامل نہ کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ منصوبے کے آئندہ مرحلے میں خواتین اور کم عمر قیدیوں کے لیے الگ اور مخصوص سہولیات لازمی شامل کی جائیں۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر محمود نے کہا اسلام آباد ماڈل جیل کو ایک جدید اصلاحی و بحالی مرکز کے طور پر تیار کیا جانا چاہیے ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ قیدیوں کے لیے موٹر مکینک، فریج و ریفریجریٹر مرمت، دستکاری اور دیگر شعبوں میں فنی تربیت کے پروگرام شروع کیے جائیں گے ۔ چیئرمین کمیٹی نے فائر الارم سسٹم نصب ہونے کے باوجود فائر ہائیڈرنٹس اور سپرنکلر سسٹم نصب نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تمام ضروری فائر سیفٹی آلات 15 روز کے اندر نصب کیے جائیں۔کمیٹی نے جیل میں تھیٹر یا منی سینما قائم کرنے ، بیت الخلا اور شاورز کی سہولیات بہتر بنانے اور قیدیوں کی ملاقات کے مقامات پر حفاظتی جالیاں نصب کرنے کی تجاویز بھی دیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...