سی ڈی اے کا بھرتی عمل منسوخ کرنیکا حکم آئندہ سماعت تک معطل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ترقی اور تبادلوں ذریعے اسامیاں پر کرنے سے بھی روک دیا 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کیس میں نوٹس جاری، پیراوائز کمنٹس طلب
اسلام آباد (رضوان قاضی) اسلام آباد ہائیکور ٹ نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بلڈنگ انسپکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت متعدد اسامیوں کے کیس میں بھرتی پراسیس منسوخ کرنے کا حکم آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا اور دوبارہ اشتہار دینے سے روک دیا۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے دو صفحات کے تحریری حکم نامہ میں سی ڈی اے کو ترقیوں یا تبادلوں کے ذریعے بھی اسامیاں پُر کرنے سے روک دیا۔ حکمنامہ میں کہاگیا کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق امیدواروں سے پراسیسنگ فیس کی مد میں تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول کیے گئے ،ٹیسٹ انٹرویو کے بعد 538 امیدوار شارٹ لسٹ ہوئے ، اپوائنٹمنٹ لیٹر دینے کے بجائے سی ڈی اے نے سارا بھرتی پراسیس غیر قانونی طور پر منسوخ کر دیا۔ آئندہ سماعت 8 ستمبر کو مقرر کی جاتی ہے ۔ علاوہ زیں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری وقاص ناصر کی درخواست پر سماعت کے دوصفحات کے حکمنامہ میں 16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا استعمال کی قانون سازی کیلئے درخواست پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، داخلہ،قانون،تعلیم، اطلاعات کی وزارتوں، پی ٹی اے ،پیمرا اور دیگر فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر کے پیراوائز کمنٹس طلب کرلیے اور لاء آفیسر کو حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وکیل کے مطابق پاکستان میں بچوں کی آن لائن حفاظت کیلئے جامع اور مربوط قانونی فریم ورک موجود نہیں، سائبر بُلیئنگ، آن لائن استحصال اور نقصان دہ مواد کے خطرات لاحق ہیں، آئین کے آرٹیکل 9، 14، 25، 25 اے ، 35 اور 37 کے تحت بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کا حکم دیاجائے ۔ عدالت نے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا اور آئندہ سماعت 29 ستمبر مقرر کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments