رحیم یار خان ،سہیل آفریدی کی آمد سے قبل کریک ڈاؤن

رحیم یار خان ،سہیل آفریدی کی آمد سے قبل کریک ڈاؤن

ضلعی جنرل سیکرٹری سمیت 15 کارکن گرفتار، وکلاء کا احتجاج، عدالتی بائیکاٹ

رحیم یارخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی رحیم یارخان آمد سے قبل پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں، عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ متعدد کارکن مبینہ طور پر روپوش ہوگئے ۔ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی مرکزی قیادت، کابینہ اور پارلیمنٹرین کے ہمراہ آج شیخ زید ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے وہ سڑک کے ذریعے سندھ، پنجاب سرحد عبور کرکے سندھ روانہ ہوں گے ۔ ان کی آمد سے قبل پولیس نے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور 15 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔گرفتار افراد میں پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ چودھری منظور احمد وڑائچ، ڈاکٹر تنویر اعجاز، محمد طارق، محمد خالد، محمد عباس، محمد آصف، محمد یوسف مہر، محمد عقیل، خلیل الرحمن بابر، معین خان، مجید احمد، عبداللہ، شاہد رحیم، غلام حسین اور محمد احمد شامل ہیں۔منظور احمد وڑائچ کی گرفتاری کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر وکلا نے صبح 10 بجے کے بعد عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ بار کی جانب سے جاری بیان میں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ رہائی نہ ہونے کی صورت میں مکمل عدالتی بائیکاٹ اور احاطہ عدالت میں پولیس کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے ۔ ہائی کورٹ بار اور سپریم کورٹ بار نے بھی گرفتاری کی مذمت کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...