کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ نتاشہ امتناعِ منشیات کے مقدمے میں بری
کراچی (سٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ نتاشہ کو امتناعِ منشیات کے مقدمے میں بری کردیا۔عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ کے خلاف شواہد ناکافی ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کارساز حادثہ کیس کی ملزمہ نتاشہ کے خلاف امتناعِ منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ملزمہ کے وکیل فواد علی کچھی نے موقف اختیار کیا کہ کیمیائی تجزیے اور خون کے ٹیسٹ میں کہیں بھی آئس کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی۔وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کی جانب سے ملزمہ سے حاصل کیے گئے سیمپلز میں ردوبدل کیا گیا، جبکہ کیس کے تفتیشی افسر نے بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ بھی چھپائی۔ عدالت نے وکیل صفائی کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے ملزمہ کے خلاف شواہد ناکافی قرار دیے اور نتاشہ کو امتناعِ منشیات کے مقدمے میں بری کردیا۔پولیس کے مطابق کارساز حادثہ اگست 2024 میں پیش آیا تھا، ملزمہ کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے ۔ واقعے کے بعد ملزمہ کے خلاف تھانہ بہادر آباد میں مقدمات درج کیے گئے تھے ۔ ملزمہ نتاشہ مرکزی مقدمے میں فریقین کے درمیان صلح کی بنیاد پر پہلے ہی بری ہوچکی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments