افغان نیٹ ورک کیخلاف آپریشن ، کراچی ، کولمبو بندرگاہوں پر 671 کلو آئس ضبط
اے این ایف کے تعاون سے مشترکہ آپریشن، 8 کارندے گرفتار،منشیات پاکستان سے عالمی منڈیوں تک پہنچائی جانی تھی نیٹ ورک کی مجرمانہ سرگرمیوں سے سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کوبھی آگاہ کیا گیا،ترجمان
کراچی (سٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کے تعاون کے نتیجے میں افغان منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کولمبو سری لنکا میں مشترکہ آپریشن۔کراچی اور کولمبو بندرگاہوں پر کنٹینرز سے مجموعی طو پر 671 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) ضبط کرلی گئی ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف نہایت اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغان منشیات کی پاکستان کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ۔اے این ایف نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جولائی 2026 میں کراچی بندرگاہ پر ایک کنٹینر سے 200 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس)برآمد کی اور اس نیٹ ورک کے افغان سرغنہ احسان اللہ سمیت دو کارندوں کو گرفتار کیا۔ملزمان کی تفتیش سے حاصل ہونے والی معلومات کے بعداس نیٹ ورک کی مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق اہم نکات سے سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کو آگاہ کیا گیا۔
اے این ایف پاکستان کی فراہم کردہ ان معلومات کی بنیاد پر سری لنکن حکام نے مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں کولمبو بندرگاہ پر 2 کنٹینرز سے 471 کلو گرام آئس برآمد کی ۔ مزید کارروائی کے نتیجے میں نیٹ ورک کے 6کارندے بھی گرفتارکر لئے گئے ۔ منشیات کے خلاف اس مشترکہ آپریشن کے دوران افغانستان سے سمگل شدہ مجموعی طور پر 671 کلو گرام آئس ضبط کی گئی، جسے پاکستان کی سر زمین استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچایا جانا تھا۔اینٹی نارکوٹکس فورس نے اس پورے آپریشن میں مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے جدید انٹیلی جنس بیسڈ حکمت عملی کے ذریعے منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کی نشاندہی کی اور دیگر انٹرنیشنل اداروں کے ساتھ بروقت معلومات کے تبادلے اور مؤثر تعاون کے ذریعے بیرون ملک بھی منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کو ممکن بنایا۔ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اے این ایف کے اس کردار کو سری لنکن حکام اور ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے سرکاری سطح پر سراہا گیا۔یہ کامیابی اینٹی نارکوٹکس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عالمی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کا واضح ثبوت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments