حکومت بڑے منصوبوں کی تکمیل کی ٹائم لائن دے ،سینیٹ کمیٹی
کمیٹی نے ایم ایل ون، گوادر لنک اور روہڑی نواب شاہ منصوبوں پر عملی پیشرفت مانگ لی سینیٹر قرۃ العین کی زیرصدارت کمیٹی کا اجلاس، اڑان پاکستان کے معاشی اہداف کاجائزہ لیا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت مقررہ معاشی اہداف، بڑے ریلوے منصوبوں اور ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی افراد کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا۔کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر قرۃ العین مری کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس اور ‘‘اڑان پاکستان’’ کے اہداف کے بارے میں سوالات اٹھائے ۔ حکام نے بتایا کہ مختلف عوامل کے باعث اہداف کے حصول میں کمی رہی تاہم آنے والے برسوں میں کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس مقررہ ہدف کے قریب پہنچنے کی توقع ہے ۔اجلاس میں ایم ایل ون، روہڑی۔نواب شاہ ریلوے رابطے اور گوادر ریلوے لنک پر بھی بحث ہوئی۔
سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ محض مذاکرات کو عملی پیش رفت قرار نہیں دیا جاسکتا، حکومت بڑے منصوبوں کی تکمیل کیلئے واضح ٹائم لائن دے ۔ حکام نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر مذاکرات جاری ہیں۔کمیٹی کو تھر کے کوئلے کو پورٹ قاسم سے منسلک کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق منصوبہ رواں سال کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔وزارت منصوبہ بندی نے بتایا کہ پی سی ون پروفارما میں ترامیم کردی گئی ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی افراد کے لیے قابل رسائی سہولیات ابتدا ہی سے شامل کی جاسکیں۔ چیئرپرسن نے زور دیا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں خصوصی افراد کے لیے عملی سہولیات اور مواقع پیدا ہونے چاہئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments