وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو لاڑکانہ میں خوش آمدید : بلاول ، شکریہ بلاول صاحب سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو لاڑکانہ میں خوش آمدید : بلاول ، شکریہ بلاول صاحب سہیل آفریدی

ہمیں آخر برداشت،احترام ،بقائے باہمی کی سیاست پر واپس آنا پڑیگا:چیئرمین پی پی مریم نواز نے دہشتگردی پر مودی اور انڈیا کو کلین چٹ دے دی:وزیراعلیٰ کے پی

کراچی،نوابشاہ(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو لاڑکانہ میں خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، ہمیں آخر کار برداشت ،احترام اور بقائے باہمی کی سیاست پر واپس آنا ہی پڑے گا،سیاسی اختلاف کے بجائے احترام اور باہمی سیاست ہی جمہوریت کی بنیاد ہے ۔ سہیل آفریدی نے اپنے ایکس پیغام میں کہا شکریہ بلاول صاحب!جمہوریت کا یہی حسن ہے کہ سیاست اور اظہار رائے کی آزادی ہو، عدلیہ آزاد ہو،عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے ،پارلیمنٹ خودمختار ہو، صحافت آزاد ہو،عوامی مینڈیٹ کے برعکس چور دروازوں کا استعمال نہ ہو۔

سہیل آفریدی نے ایک اور پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا جعلی وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ساتھ لگنے والے تینوں دیگر صوبوں کو دہشتگردی کی بنیاد قراردیدیا ہے اور پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے مودی اور انڈیا کو کلین چٹ دیدی ہے ، ان کے بیان نے ریاست پاکستان کے عالمی سطح پر دہشتگردی کے حوالے سے موقف کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور اس نظام کو بنانے اور چلانے والوں کی سوچ پر بھی مزید سوال کھڑے کردئیے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سندھ کے پانچ روزہ دورے پرہیں، آج وہ کراچی پہنچیں گے جہاں شاہراہ قائدین پر تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ گزشتہ روز انہوں نے نوابشاہ میں سٹریٹ موومنٹ ریلی کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا جو لوگ بیٹوں، بیٹیوں اور رشتہ داروں کو اقتدار منتقل کرتے ہیں وہ لیڈر نہیں گیدڑ ہیں،عمران خان نے مجھے متوسط طبقے سے منتخب کیا، میں نے رکشوں اور ٹیکسیوں میں سفر کیا، ہم عوام سے ہیں، ہمارے بیرون ملک فلیٹس یا جزیرے نہیں ہیں، نوابشاہ کا جوش بتا رہا ہے کہ سندھ کا سیاسی منظرنامہ بدل چکا ہے ، دہائیوں سے سندھ کو پیپلزپارٹی کی سیاسی جاگیر قرار دینے کا بیانیہ آج نوابشاہ کے عوام نے مسترد کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...