مری:پسند کی شادی پرمسلح افراد کادھاوا،لڑکے کی 2بہنیں کشمیرلے گئے
بحفاظت بازیابی کیلئے بھرپوراقدامات کیے جا رہے :ڈی سی مری ،ڈپٹی کمشنر پونچھ سے رابطہ آزادکشمیر میں ریڈ اورسرچ آپریشن،پولیس کو مزاحمت کا سامنا ،1 اہلکار زخمی :ذرائع
مری (نمائندہ دنیا)یونین کونسل گہل کے نواحی علاقے کوہٹی کاکڑائی سے دو جواں سالہ بہنوں کو اسلحہ کی نوک پر آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اغواکر لیا ،واقعہ پر ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مغوی بچیوں کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تھانہ پتریاٹہ میں درج کرکے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں، متاثرہ خاندان کے مطابق مغوی بچیوں کے بھائی نے چند روز قبل آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی سے بذریعہ کورٹ پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد لڑکی کے خاندان کی جانب سے ردعمل کے پیش نظر گزشتہ رات تقریباً ایک درجن کے قریب مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے، والدہ کو باندھنے کے بعد دونوں بہنوں کو مبینہ اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا،جس پر مری پولیس نے آزاد کشمیر پولیس کے تعاون سے مختلف علاقوں میں ریڈ اور سرچ آپریشن کیے ، اس دوران پولیس ٹیم کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا جبکہ ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پونچھ ممتاز کاظمی سے رابطہ کیا اور لڑکیوں کی بازیابی کے لیے بھرپور تعاون کی درخواست کی ۔ڈپٹی کمشنر مری نے کہا یہ ہماری بیٹیاں اور عزت ہیں، ان کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے پوری طاقت کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں،ریاست میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments