پاکستان پوسٹ کا ڈبل کنوینس الاؤنس ختم کرنیکی ہدایت
796 ملازمین کے ڈبل کنوینس الاؤنس کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کے احکامات جاری اسپلٹ ڈیوٹی کی شرط پوری نہ ہونے پر الاؤنس جاری رکھنے سے گریز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (ایس ایم زمان) پاکستان پوسٹ آفس نے 1 تا 22 گریڈ ملازمین کو دیے جانے والے ڈبل کنوینس الاؤنس کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے جن کے کام کی نوعیت مقررہ شرائط پوری نہیں کر رہی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ آفس نے ڈبل کنوینس الاؤنس وصول کرنے والے 796 ملازمین کے کیسز کا دوبارہ جائزہ لینے کے احکامات دئیے ہیں۔پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے ڈائریکٹر اکاؤنٹس، پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ لاہور کی جانب سے بھیجی گئی وضاحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 796 ملازمین کو نظرثانی شدہ کنوینس الاؤنس دینے کے معاملے پر وضاحت طلب کی گئی تھی کیونکہ یہ ملازمین پہلے ہی ڈبل کنوینس الاؤنس حاصل کر رہے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا کہ پاکستان پوسٹ کے بعض دفاتر میں مختلف سرکاری خدمات اور ذمہ داریوں کی منتقلی کے باعث کام کا بوجھ نمایاں طور پر کم ہوا ہے۔
ان تبدیلیوں میں پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا نظام اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو اور بینکوں کو منتقل کیا جانا، سیونگز بینک سے متعلق کام کی ذمہ داری سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کو منتقل کیا جانا جبکہ پنشن اور پوسٹل لائف انشورنس سے متعلق ادائیگیوں کے بعض امور دیگر شعبوں یا محکموں کو منتقل کیا جانا شامل ہے ۔پاکستان پوسٹ کے مطابق ان ذمہ داریوں کی منتقلی کے نتیجے میں بعض پوسٹ آفسز میں کام کا دباؤ پہلے کی نسبت کافی کم ہو گیا ہے اور ایسے دفاتر میں ملازمین کے لیے ‘‘اسپلٹ ڈیوٹی’’ یعنی دن کے مختلف اوقات میں تقسیم شدہ ڈیوٹی انجام دینے کی ضرورت ممکنہ طور پر باقی نہیں رہی۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈبل کنوینس الاؤنس کے لیے مقررہ شرائط میں اسپلٹ ڈیوٹی کی انجام دہی بھی شامل ہے ، اس لیے جہاں یہ ضرورت ختم ہو چکی ہو وہاں ڈبل کنوینس الاؤنس کے لیے مقررہ شرائط پوری نہیں ہوتیں۔
پاکستان پوسٹ نے ایسے معاملات میں ماضی کے طریقہ کار یا سابقہ روایت کو بنیاد بنا کر الاؤنس جاری رکھنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔مراسلے کے مطابق جائزے میں خاص طور پر یہ دیکھا جائے گا کہ آیا متعلقہ ملازم اب بھی ڈبل کنوینس الاؤنس کے لیے مقررہ شرائط پوری کرتا ہے یا نہیں، بالخصوص اسپلٹ ڈیوٹی کی شرط پر توجہ دی جائے گی۔ پوسٹ ماسٹر جنرلز اور متعلقہ دفاتر کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈبل کنوینس الاؤنس صرف انہی ملازمین کو جاری رہے جو اس کے لیے مقررہ شرائط پوری کرتے ہوں۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ آفس نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈبل کنوینس الاؤنس کی ادائیگی قابلِ اطلاق قواعد، وزارتِ خزانہ کی ہدایات اور مقررہ شرائط کے مطابق کی جائے ۔ کسی ملازم کا کیس دوبارہ جائزے یا وضاحت کا متقاضی ہو تو الاؤنس کی ادائیگی کی اجازت دینے سے پہلے مکمل تفصیلات اور اس کی ادائیگی کا جواز ڈائریکٹوریٹ جنرل پاکستان پوسٹ کو بھیجنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments