نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر کی مدت 3 سال کرنے کا بل پیش

نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر کی مدت 3 سال کرنے کا بل پیش

موجودہ ریکٹر کو دو سال تک توسیع ،چیئرمین منظوری لازمی قرار دینے کی تجویز

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے نیشنل یونیورسٹی پاکستان کے ریکٹر کی مدت ملازمت تین سال کرنے اور موجودہ ریکٹر کی مدت میں سالانہ بنیاد پر زیادہ سے زیادہ دو سال توسیع کی منظوری کے لیے ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے نیشنل یونیورسٹی پاکستان (ترمیمی) بل 2026کے تحت نیشنل یونیور سٹی پاکستان ایکٹ 2023 کی دفعہ 12(6) میں ترمیم کی جائے گی۔ مجوزہ ترمیم کے مطابق ریکٹر کی تقرری تین سال کے لیے ہوگی جبکہ اس کے بعد ایک ایک سال کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ دو سال توسیع دی جا سکے گی۔توسیع کے لیے یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کی حمایت میں قرارداد اور چیئرمین کی منظوری ضروری ہوگی۔

چیئرمین کو اختیار ہوگا کہ وہ بورڈ سے توسیع کی حمایت میں منظور کی گئی قرارداد پر ایک مرتبہ دوبارہ غور کرنے کا کہہ سکے ۔موجودہ قانون کے تحت ریکٹر کی تقرری چار سال کی قابلِ تجدید مدت کے لیے کی جاتی ہے اور بورڈ کی حمایت میں قرارداد موصول ہونے پر چیئرمین مدت میں تجدید کر سکتا ہے ۔دستاویز کے مطابق نیشنل یونیورسٹی پاکستان کے ریکٹر کا تقرر 7ستمبر 2023 کو کیا گیا تھا۔ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین نے دفعہ 12(6) میں ترمیم کی تجویز دی تاکہ ریکٹر کی ابتدائی مدت تین سال مقرر کی جائے۔ اور موجودہ ریکٹر کی کارکردگی اور بورڈ کی سفارش کی بنیاد پر مزید دو سال تک توسیع ممکن ہو۔نیشنل یونیورسٹی پاکستان ایکٹ 18 اپریل 2023 کو 45 وفاقی سرکاری ڈگری کالجوں کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کے مقصد سے منظور کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی کا مقصد ایف جی ڈگری کالجوں میں بی ایس پروگرامز کو مضبوط اور معیاری بنانا بھی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...