نئے صوبوں اور نظام بیٹھ جانے کی باتیں وزیراعظم کی ناکامی ،پیپلز پارٹی
کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبائی اسمبلی میں تقسیم سندھ کے خلاف قرارداد کی منظوری کے باوجود وفاقی وزرا کی جانب سے نئے صوبوں، انتظامی یونٹس اور نظام بیٹھ جانے کے بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے۔۔۔
ایسے بیانات کو وفاق کی صوبے کی آئینی حیثیت میں مداخلت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے نوٹس لے کر وفاقی وزرا کے ایسے بیانات بند کرانے کا مطالبہ کیا اور وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر وفاقی حکومت آئین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے تو اس کے پاس پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت موجود نہیں ہے ، اس لئے وفاقی حکومت جمہوریت کے تسلسل کو کمزور اور ملکی سالمیت سے کھیلنے کی کوشش نہ کرے ، پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کا تسلسل چاہتی ہے ،تاہم 18 ویں ترمیم، صوبائی خودمختاری، صوبے کی وحدت اور صوبوں کے حقوق پر کسی صورت ڈاکا ڈالنے نہیں دے گی، اس لئے صوبوں کی آئینی حیثیت میں مداخلت بند کی جائے۔
یہ مطالبہ ہفتہ کو پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی سمیت پیپلز پارٹی کے تمام ڈویژنل صدور ضیا الحسن لنجار، جام اکرام اللہ سمیت تمام ضلعی اور ذیلی ونگز کے صدور نے شرکت کی۔اجلاس میں سندھ اسمبلی میں قرارداد کے بعد وفاقی وزرا کے بیانات اور سندھ کی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قراردادیں منظور کرتے ہوئے کہا گیا کہ وفاقی وزرا کی جانب سے نئے صوبوں اور نظام بیٹھ جانے کی باتیں وزیراعظم کی ناکامی ظاہر کرتی ہیں، اس لئے پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کو خبردار کرتی ہے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس کا معاملہ آئین کے تحت صوبائی سبجیکٹ ہے، اس لئے وفاقی حکومت اور اس کے وزرا صوبوں کی آئینی حیثیت میں مداخلت سے باز رہیں اور اگر وفاقی وزرا ایسے بیانات سے باز نہیں آئے تو ہم سمجھیں گے اس سازش کے پیچھے وفاقی حکومت ہے۔
اجلاس میں اسمبلی کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرنے پر پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی،صدر آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، نثار احمد کھوڑو، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ اسمبلی میں قرارداد کی ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والی جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے دہرے معیار کی مذمت کی گئی اور کہا گیانثار احمد کھوڑو کی تحریک التوا اور قرارداد سندھ کے کروڑوں عوام کے دل کی آواز ہے جس کے نتیجے میں سندھ کے سپوتوں نے دھرتی ماں سے اپنی محبت کا ثبوت دیاہے ، اس لئے سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی کے جذبے اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں سندھ کی وحدت کے لئے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے ۔
اجلاس سے خطاب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ قرارداد کی منظوری کے بعد وفاقی وزرا کے بیانات وفاق کی صوبے میں مداخلت کے مترادف ہیں، اس لئے وفاقی وزرا کے ایسے انتشار والے بیانات کا عوامی سطح پر بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت آئین میں دو تہائی اکثریت کے بغیر کوئی بھی ترمیم منظور نہیں کراسکتی، اس کے پاس پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت موجود ہی نہیں ہے اس لئے وہ کوئی بھی آئینی ترمیم منظور نہیں کراسکتی۔ انہوں نے کہا نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی باتوں کے پیچھے جمہوریت، 18 ویں ترمیم ،صوبائی خودمختاری کے خلاف سازش نظر آرہی ہے ، اس لئے پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ مل کر ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری وقار ہدی نے بھی خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments