آزاد کشمیر:شرپسندوں کی فائرنگ، ایف سی جوان شہید
فائرنگ باغ اور تراڑکھل میں کی گئی ، رینجرز اہلکارزخمی ، ایک حملہ آور بھی ہلاک
اسلام آباد (اے پی پی)فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں کی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے ایف سی اہلکار شہید اور رینجرز اہلکار زخمی ہو گیا۔ آزاد کشمیرمیں عوامی حقوق کی آڑ میں فسادی جتھے کے شرپسند پرتشدد کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔ آزاد کشمیر پولیس کے مطابق چترہ ٹوپی روڈ پر قائم کوپرہ پولیس چوکی(ضلع باغ)اور تراڑکھل ایکسز پر فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔فسادی جتھے کے بزدلانہ حملے میں ایف سی اہلکاررحیم گل شہید جبکہ پاکستان رینجرزکا اہلکارزخمی ہوا۔
ترجمان آزاد کشمیر پولیس کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کا بھرپوراورموثر جواب دیا۔سکیورٹی فورسزنے جوابی کارروائی کرتے ہو ئے ایک حملہ آورکوموقع پر ہی ہلاک کردیا۔ترجمان آزاد کشمیر پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے 2 ہینڈ گرنیڈ، ایک کلاشنکوف،3میگزین معہ ایمونیشن اور ایک خنجربرآمد کیا گیا ہے ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو محاصرے میں لیکر فرارحملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پرحملہ آور شرپسندوں کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments