صوبے بولیں یا انتظامی یونٹ ایم کیو ایم موقف پر قائم ،مصطفی کمال

صوبے بولیں یا انتظامی یونٹ ایم کیو ایم موقف پر قائم ،مصطفی کمال

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی وفاقی گورنمنٹ ڈسپنسری میں قائم ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر میں بین الاقوامی مسافروں کو ویکسینیشن کی سہولت ملے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی ٰ کمال نے کہا کہ مینجاٹیس کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ ٹریولر کے پاس ہونا چاہیے، حج اور عمرے پر جانے والوں کے لیے یہ سرٹیفکیٹ لازمی ہے ۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کے تمام شناختی کارڈ نمبر میڈیکل ریکارڈ نمبر بن جائیں گے ، ویکیسین کی تمام فیس آن لائن ہوگی، ملک بھر کے تمام ایئر پورٹ کو منسلک کریں گے ۔ سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے مصطفی ٰ کمال نے کہا کہ صوبے بولیں یا انتظامی یونٹ ایم کیو ایم اپنے مؤقف پر قائم ہے ، سندھ میں 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ، کراچی سے کشمور تک 80 فیصد لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف تیسری جنگ عظیم رکوا رہے ہیں اور دوسری طرف کتے کے کاٹنے سے بچے مر رہے ہیں، بھٹو کے بنائے گئے 1973ء کے آئین میں نئے صوبوں کی گنجائش موجود ہے ۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعلیٰ 6 کروڑ عوام کے صوبے کو نہیں سنبھال سکتا، یہاں پر 6 وزرائے اعلیٰ ہونے چاہئیں، آپ سب کو سندھ کہیں مگر 6 سندھ بنالیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو 7 اضلاع بناکر تقسیم کیا ہے ، تقسیم تو ملک ہوتے ہیں، صوبوں کے اندر باؤنڈری تبدیل ہوتی ہے ۔ مصطفی کمال نے کہا کہ صوبوں کی حدبندی میں تبدیلی ہونا کوئی بڑی بات نہیں، 18سال ہوگئے آپ کو حکومت کرتے اتنے برس میں نیت کا پتا چل جاتا ہے ۔وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا کہ کوئی حدود تبدیل نہیں ہو رہی، صرف انتظامی خاکہ تبدیل ہوگا، نظام فیل ہوگیا ہے اس لیے یہ کرنا پڑ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...