اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ کو ٹیلیفون، رابطے بڑھانے پر اتفاق

 اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ کو  ٹیلیفون، رابطے بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (وقائع نگار) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔۔۔

 دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے باہمی تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے مستحکم رکھنے پر اتفاق کیا۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات بھی کریں گے ۔دریں اثنا اسحاق ڈار کی زیرصدارت وفاقی حکومت میں بھرتیوں کے مجوزہ اصلاحاتی اقدامات اور نیشنل جاب پورٹل کو مزید مؤثر بنانے کیلئے قائم کمیٹی کا دوسرا اور آخری اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کی پیش رفت اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے رپورٹ کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ دوران بحث سامنے آنے والی تجاویز بھی رپورٹ میں شامل کی جائیں اور اسے منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوایا جائے ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مجوزہ اصلاحات سے وفاقی حکومت میں بھرتیوں کا نظام تیز، شفاف، میرٹ پر مبنی اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ بھرتیوں کا عمل حکومت کے پاس ہی برقرار رہے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹری کابینہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...