سکیورٹی خدشے کو صوبائیت کا رنگ دینا افسوسناک:عظمیٰ

 سکیورٹی خدشے کو صوبائیت کا رنگ دینا افسوسناک:عظمیٰ

مریم نواز کسی صوبے کے نہیں بلکہ دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف ہیں کسی حکومت کا اپنی ذمہ داری سے دستبردار ہونا ناقابل قبول:وزیر اطلاعات

لاہور (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے دہشت گردی سے متعلق بیان پر تنقید بلاجواز ہے ، وزیراعلیٰ کے واضح سکیورٹی خدشے کو سیاسی اور صوبائیت کا رنگ دینا افسوسناک ہے ۔ مریم نواز کسی صوبے کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف ہیں۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ایک روز قبل خطاب میں بیرونی سرحدوں سے آنے والے دہشت گرد عناصر اور پراکسیز کے خطرے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ دہشت گردی کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے ۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب یا سندھ، ہر جگہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے مؤثر حکمت عملی اور مربوط کارروائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا مریم نواز کی خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں امن قائم ہو اور دہشت گردوں کے سلیپر سیلز و نیٹ ورکس پنجاب کی طرح ختم کیے جائیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ تصور ناقابل قبول ہے کہ کوئی صوبائی حکومت اپنے صوبے میں امن و امان کی ذمہ داری سے دستبردار ہوکر تمام ذمہ داری وفاقی اداروں یا پاک فوج پر چھوڑ دے ۔ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر صرف سیاسی بیانیہ بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ مریم نواز کو کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، ان کے سکیورٹی خدشے کو صوبائیت کا مسئلہ بنانا کسی کے مفاد میں نہیں۔ تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...