زیرو پوائنٹ کے قریب سڑک سے قدرتی چشمہ پھوٹ پڑا

زیرو پوائنٹ کے قریب سڑک سے قدرتی چشمہ پھوٹ پڑا

پانی کابہاؤ کنٹرول کرنے اور ایکسپریس وے کو بچانے کیلئے سی ڈی اے ٹیمیں مصروف بارشوں سے پانی کی سطح بلند، دو قریبی پہاڑیوں سے بھی چشمے نمودارہونے کی اطلاعات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ کے قریب اسلام آباد ایکسپریس وے پر سڑک کے درمیان اچانک پانی کا قدرتی چشمہ پھوٹ پڑا۔ سوشل میڈیا پر پانی کے مسلسل اخراج کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ابتدا میں شہریوں نے اسے کسی سرکاری واٹر سپلائی لائن کی لیکیج سمجھا، تاہم کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے معائنے کے بعد واضح کیا کہ وہاں سے کوئی سرکاری پانی کی پائپ لائن نہیں گزر رہی۔ CDA کے ڈائریکٹر جنرل واٹر سردار زمری کے مطابق یہ پانی پائپ لائن کی خرابی کا نتیجہ نہیں بلکہ قدرتی چشمے کا پانی ہے ۔ ان کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی کی سطح بلند ہوئی، جس کے نتیجے میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر زیرِ زمین پانی نے سڑک کے نیچے سے راستہ بنا لیا۔ سردار زمری نے بتایا کہ 2011 میں بھی اسی مقام پر پانی نکلنا شروع ہوا تھا اور چند دن بعد قدرتی طور پر اس کا بہاؤ ختم ہوگیا تھا۔پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے اور ایکسپریس وے کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے CDA کی ٹیمیں موقع پر کام کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق سڑک کے ساتھ موجود ڈرینج لائن کی صفائی کی جا رہی ہے جبکہ پانی کا زیرِ زمین دباؤ کم کرنے کے لیے مزید گہری کھدائی کی جا رہی ہے ۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ پانی کو مناسب راستہ دے کر سڑک اور ٹریفک کے لیے خطرہ کم کیا جائے ۔ CDA کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد اسلام آباد کے دوسرے مقامات پر بھی زیرِ زمین پانی کے چشمے نمودار ہوئے ہیں۔ پاکستان مانومنٹ والی پہاڑی کے نیچے اور منسٹرز انکلیو کے قریب پہاڑی سے بھی پانی نکلنے کی اطلاعات ہیں۔ CDA حکام کے مطابق مجموعی طور پر زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ اسلام آباد کے لیے خوش آئند ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...