بلدیاتی اداروں کی دکانیں انتہائی کم کرایوں پر دینے کا انکشاف
مارکیٹ ریٹ سے کہیں کم کرایوں پرمتعدد اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی آمدن متاثر وزیراعلیٰ نے معاملے کا نوٹس لیکر موجودہ نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے )پنجاب کے متعدد اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی قیمتی دکانیں انتہائی کم کرایوں پر دئیے جانے کا انکشاف، جس سے سرکاری خزانے کو ریونیو کی مد میں بھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے موجودہ نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ۔وزیراعلیٰ کی زیرِصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ مختلف اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی ملکیتی دکانوں کے کرائے مارکیٹ ریٹ سے کہیں کم ہیں، جس سے بلدیاتی اداروں کی آمدن متاثر ہورہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے دکانوں کے کرائے مارکیٹ نرخوں کے مطابق کرنے اور سرکاری ریونیو بڑھانے کیلئے موجودہ نظام پر نظرثانی کا حکم دیدیا۔
اجلاس میں دکانوں کی دوبارہ نیلامی یا ایسا متبادل ماڈل اختیار کرنے کی تجویز بھی زیرِغور آئی جسکے ذریعے سرکاری املاک سے زیادہ سے زیادہ آمدن یقینی بنائی جاسکے ۔ حکام کے مطابق موجودہ معاہدوں اور کرایوں کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت پڑنے پر دکانوں کی دوبارہ نیلامی کی جاسکتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیرہائوسنگ بلال یاسین کو خصوصی کمیٹی کا کنوینئر جبکہ وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق کو شریک کنوینئر مقرر کیا ہے ۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات، وزیر بلدیات ذیشان رفیق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید اور سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود کمیٹی کے ارکان ہونگے ۔ خصوصی کمیٹی بلدیاتی دکانوں کے موجودہ کرایہ داری نظام، مارکیٹ نرخوں سے فرق، دوبارہ نیلامی کے قانونی و انتظامی پہلوؤں اور متبادل ریونیو ماڈل کا جائزہ لے کر وزیراعلیٰ کو سفارشات پیش کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments