اسلام آباد میں شیشہ کیفے پرمکمل پابندی،خلاف ورزی پرمقدمہ

اسلام آباد میں شیشہ کیفے پرمکمل پابندی،خلاف ورزی پرمقدمہ

یہ نسلیں تباہ کررہے ،کاروبار کا احترام، شہر تباہ نہ کریں،1ماہ میں رولز بنائیں:ہائیکورٹ

اسلام آباد (ماہتاب بشیر،رضوان قاضی)وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ نے تاحکم ثانی شیشہ کیفے چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی جس کا اطلاق این او سی رکھنے والے شیشہ  کیفے پر بھی ہوگا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار سرفراز ڈوگر نے اس حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران ضلعی انتظامیہ کو وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفے سے متعلق ایک ماہ میں رولز بنانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کاروبار کا بہت احترام ہے مگر پورے کا پورا شہر تباہ نہ کریں، تمباکو کے ساتھ اگر چرس ملا دی جائے تو اس کو سموکنگ ہی کہیں گے ، ایک اوپن جگہ بیٹھ کر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ، یہ تو آپ اپنی نسلیں تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں، جہاں بھی پتہ چلے شیشہ کیفے سیل کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ اسلام آباد میں کوئی بھی اِنڈور یا آؤٹ ڈور شیشہ کیفے چلانے کی اجازت نہیں ہو گی، این او سی کے حامل کیفے پر بھی پابندی ہو گی، خلاف ورزی کرنے والے کیفے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کیفے سیل کرنے سمیت مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقہ میں بلاامتیاز کارروائیوں اور شیشہ کیفے کی روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی رول بنا اور نہ ہی ریگولیشنز، رولز بنائے بغیر اس طرح کیفے نہیں چلنے دیئے جائیں گے ۔ مجھے پتہ چلا ہے جب ریڈ کیا جاتا ہے تو دروازے بند کر دیتے ہیں؟ چیف جسٹس نے وکیل سے کہاکہ اس طرح کے ارینجمنٹ اسلام آباد کے لوگوں کی زندگی تباہ کر رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...