گیٹس فاؤنڈیشن وفد کی وزیراعظم وزیر خزانہ سے ملاقاتیں
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخزانہ اورنگزیب سے ملاقاتیں ہوئیں۔ وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں،شہباز شریف نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے پرعزم ہے، پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات، گورننس ریفارمز ایجنڈا کا حصہ ہیں۔کیش لیس اکانومی پاکستان حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے ،کیش لیس پاکستان کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم کو بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ،مستحق خواتین کو اپنی مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔
وزیراعظم نے گیٹس فاونڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مرکوز اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثنا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب سے ملاقات میں معاشی اصلاحات، انسانی وسائل اور ترقیاتی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں انسانی وسائل، خواتین کی معاشی شمولیت کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ گیٹس فاؤنڈیشن کی خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں خواتین اور بچوں کیلئے پروگرام پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس پروگرام سے رواں سال 1 لاکھ 70 ہزار خواتین، 4 لاکھ 50 ہزار بچوں تک رسائی متوقع ہے۔
وزیر خزانہ نے آبادی میں اضافے کے اثرات اور ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اعلامیہ میں کہا گیا خواتین کی تعلیم، بااختیاری، روزگار میں شمولیت اور بچوں میں وقفے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ کی ایس ایم ایز، زراعت اور کم سہولیات والے شعبوں تک مالی رسائی بڑھانے پر بریفنگ دی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت ٹریڈ فیسیلی ٹیشن بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا، شہبازشریف نے کہا حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے تمام بندرگاہوں کے لیے ٹائم ریلیز آٹومیٹڈ سسٹم کے مقررہ اہداف کی منظوری دے دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments