کالعدم داعش خراسان کے اہم کمانڈر سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

 کالعدم داعش خراسان کے اہم کمانڈر سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشتگردعمران عرف ابوبکر بم دھماکوں سمیت 20مقدمات میں مطلوب تھا

پشاور (دنیا نیوز)پشاور میں شمشتو کیمپ کے قریب ارمڑ کے ایک کمپاؤنڈ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو  ہلاک کردیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق کمپاؤنڈ میں کالعدم داعش خراسان سے وابستہ دہشت گرد حساس اداروں، امام بارگاہوں اور گرجا گھروں پر بم دھماکوں سمیت دیگر بڑی دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عمران عرف ابوبکر اور شاہد اللہ شامل ہیں۔ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے ایس ایم جی، 4 پستول، 2 ہینڈ گرنیڈ، 5 میگزین اور ایک خودساختہ آئی ای ڈی برآمد ہوئی۔حکام کے مطابق عمران عرف ابوبکر اسلام آباد سمیت دیگر اضلاع میں بم دھماکوں، پولیس اہلکاروں اور سیاسی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کے 20 مقدمات میں مطلوب تھا۔ وہ مولانا خانزیب اور سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان سمیت دیگر افراد کی شہادت میں بھی ملوث اور مطلوب تھا۔ وہ 2023 میں باجوڑ میں جے یو آئی (ف)کے ورکرز کنونشن پر ہونے والے خودکش حملے میں بھی ملوث تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق 6 فروری 2026 کو ترلائی اسلام آباد کی امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش حملے میں بھی عمران عرف ابوبکر مطلوب اور ملوث تھا۔ عمران نے حملے کے لیے خودکش جیکٹ باجوڑ سے منگوائی اور خودکش بمبار کو نوشہرہ سے ترلائی اسلام آباد پہنچایا تھا۔حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد شاہد اللہ نے ترلائی امام بارگاہ کی ریکی اور ٹارگٹ کی نشاندہی کی تھی۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ عمران عرف ابوبکر کی گرفتاری یا سراغ دینے کی اطلاع پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا، کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...