ایم ڈی کیٹ:15 شہروں کے امتحانی سنٹرز کی مرکزی نگرانی کا فیصلہ
حکام کا متعلقہ اتھارٹی کو مراسلہ، مرکزی مانیٹرنگ یونٹ قائم کرنے کی درخواست میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے پنجاب میں ٹیسٹ 20ستمبر کومنعقد ہوگا
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS)کے زیر اہتمام 20 ستمبر کو ہونیوالے ایم ڈی کیٹ کیلئے پنجاب کے 15 شہروں میں قائم امتحانی مراکز کی مرکزی نگرانی کا فیصلہ کر لیا گیا ،اس سلسلہ میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو مراسلہ ارسال کر دیا جس میں 28جولائی 2026ء کے خط کا بھی حوالہ دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری و نجی شعبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ(ایم ڈی کیٹ )20 ستمبر 2026 بروز اتوار کو ہو گاجس کیلئے لاہور، گجرات، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، سیالکوٹ، میانوالی، گوجرانوالہ، رحیم یار خان اور سرگودھا میں امتحانی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے گزشتہ روز ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA)سے درخواست کی جائے کہ ہر ٹیسٹ سنٹر پر نصب کیمروں تک مرکزی رسائی کیلئے ایک مرکزی مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے دوران سکیورٹی اور پُرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب کے 15 شہروں میں قائم امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی ضروری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments