پی ٹی آئی کا پنجاب میں سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا پنجاب میں سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ

سہیل آفریدی کودعوت، رانا ثنا اللہ سن لیں، پہلی گولی مجھے مارنا:وزیراعلیٰ کے پی کارکن جیلوں سے نہ ڈریں، کوئی ڈاکٹر یاسمین راشد سے زیادہ قیمتی نہیں :خطاب

 لاہور، پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی قیادت نے صوبے میں سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے قیادت نے سہیل آفریدی کو صوبے میں آنے کی دعوت دے دی۔رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے اس حوالے سے کہا کہ متفقہ طور پر پنجاب میں سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ کے پی جب تشریف لائیں گے ہم انہیں ویلکم کر ینگے ۔دوسری طرف خیبرپختونخوا ہاؤس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی نمائندگان اور ٹکٹ ہولڈرز سے پنجاب میں احتجاجی تحریک کے حوالے سے خطاب کرتے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کو ساتھ لانا چاہتی ہے، حالانکہ ہم ایک پرامن جماعت ہیں۔

رانا ثنا اللہ سن لیں، اگر گولی چلائی تو پہلی گولی مجھے مارنا، اگر کسی کارکن کو گولی ماری تو تمہارا جینا حرام کردوں گا۔ 27 ستمبر کو لوگ اتنی تعداد میں نکلیں گے کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے ۔ جیلوں سے نہ ڈریں، ہم میں سے کوئی بھی ڈاکٹر یاسمین راشد سے زیادہ قیمتی نہیں۔ وہ بزرگ خاتون اور کینسر کی مریضہ ہیں، اگر وہ جیل کاٹ رہی ہیں تو ہم بھی جیل چلے جائیں گے ۔ آج اکٹھے ہونے کا مقصد پنجاب میں احتجاجی تحریک کی منصوبہ بندی کرنا ہے ۔ پنجاب کے تمام علاقوں کے نمائندوں کے پاس ایک گھنٹے کا وقت ہے ، آپ مشاورت کرکے بتائیں جہاں چاہیں گے میں وہاں پہنچوں گا۔

ہم اپنا منصوبہ ایک ہفتہ پہلے سامنے لائیں گے ، تب تک جس نے جو کہنا ہے کہتا رہے اور جو کہانیاں بنانی ہیں بناتا رہے ۔ دریں اثنا اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ ئی ہے ،جس میں پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے پنجاب میں جاری کریک ڈاؤن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔ذرائع کے مطابق ارکان نے اجلاس میں کہا کہ پنجاب میں کارکنوں پر بدترین کریک ڈاؤن شروع ہوچکا ہے ، سٹریٹ موومنٹ کی صورت میں کریک ڈاؤن مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ، لانگ مارچ کی کال متاثر نہیں ہونی چاہیے ۔ اجلاس میں سٹریٹ موومنٹ کے حامی اکثریتی ارکان نے کہا کہ ملکی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے عوام نکلنے کیلئے تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...