قائداعظمؒ کا وژن ہمارے مستقبل کیلئے اہمیت کا حامل، صدر، وزیر اعظم
ملکی ترقی قوم کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ،قائد کے 78ویں یوم وفات پر پیغام قوم خوشحال پاکستان کیلئے قائد کے رہنما اصول اپنا ئے ، چیئر مین سینیٹ ، سپیکر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار )صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائداعظم محمد علی جناح ؒ کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظمؒ کا وژن ملک کے مستقبل کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے ،پاکستان کی ترقی پوری قوم کی مشترکہ اور اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے ، قائداعظم نے اپنی زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے آئینی، قانونی، مذہبی، ثقافتی اور بالخصوص انسانی حقوق کے لیے وقف کی اور بالآخر مسلمانوں کو پاکستان کے قیام کی منزل تک پہنچایا۔قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا ہمیں ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم پر قائم رہنا چاہیے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قائداعظم محمد علی جناح کے درجات بلند فرمائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح دنیا کے وہ ممتاز رہنما ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ کر انتہائی نامساعد حالات میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد مملکت کی راہ ہموار کی۔ آج کا دن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم بحیثیت قوم قائد اعظم کے رہنما اصولوں پر کار بند رہنے کا تجدید عہد کریں۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا جو خواب دیکھا، قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی بے مثال قیادت، سیاسی بصیرت اور انتھک جدوجہد سے اسے عملی تعبیر عطا کی۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قائداعظم کے اصولوں اور وژن کو اپنی قومی زندگی کا رہنما اصول بنائیں۔ ایک مستحکم، خوشحال، ترقی یافتہ، جمہوری اور فلاحی پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا قائداعظمؒ کی غیر معمولی سیاسی بصیرت، اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی اور جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے متحد کیا۔ ان کی اصولوں سے وابستگی اور تاریخی جدوجہد قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ ہے ۔ ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے قائداعظم ؒ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments