پنجاب :مون سون آخری سپیل کا الرٹ ، آج سے بارشیں متوقع
لاہور، گوجرانوالہ،راولپنڈی ، فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ :پی ڈی ایم اے
لاہور، اسلام آباد، پشاور (اے پی پی)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں مون سون کے نویں اور آخری سپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے 12 سے 17 ستمبر کے دوران بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ آج سے 17 ستمبر کے دوران راولپنڈی، جہلم ، اٹک اور ملحقہ علاقوں جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور،سیالکوٹ ، منڈی بہاؤالدین ،حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ ، ملتان اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے ۔پی ڈی ایم اے پختونخوا کے مطابق 14 سے 17 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث فلیش فلڈ ، لینڈ سلائیڈنگ اورنشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ۔ پنجاب میں دریائے سندھ،چناب،جہلم، راوی اور ستلج کے پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے ،تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 78 فیصد بھر چکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments