پوری قوم میجرعزیز بھٹی شہید کی حب الوطنی کو سلام پیش کرتی ہے: صدر، وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے میجرعزیز بھٹی شہید کو 61 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ میجرعزیز بھٹی شہید نے تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کیلئے امر کر دیا، میجر عزیز بھٹی کی قربانی ملکی دفاع کیلئےغیرمتزلزل عزم کی مثال ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا، ہمارے شہداء آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں، قوم شہداء کی قربانیوں کی قدر، جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتی رہے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں میجرعزیز بھٹی شہید کی قربانی روشن داستان ہے، میجرعزیز بھٹی شہید برکی سیکٹر میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، میجرعزیز بھٹی شہید نے 12 ستمبر 1965 کو جام شہادت نوش کیا۔
محمد شہبازشریف نےکہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی شہید کی حب الوطنی اور جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے، میجرعزیز بھٹی شہید کی وطن کے لئے عظیم قربانی قومی اثاثہ ہے، شہداء کی قربانیاں وطن سے بے لوث محبت کا استعارہ ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قوم کے بہادر سپوت مادر وطن کے دفاع کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلتے ہیں، ملکی دفاع کا غیر متزلزل عزم ہماری رگوں میں شامل ہے، میجر عزیز بھٹی شہید کی شجاعت نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، اللہ تعالیٰ میجرعزیز بھٹی شہید کے درجات بلند فرمائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments