سکیورٹی فورسز کا کرم میں کامیاب آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی (دنیا نیوز)کرم میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے افغان خارجی عبید اللہ سعد سمیت 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دئیے ۔بلوچستان میں ڈپٹی کمشنر کے سکواڈ پر فتنہ الہندوستان کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
کرم ڈسٹرکٹ میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے منسلک افغان خارجی عبید اللہ سعد کو تین ساتھیوں سمیت جہنم واصل کیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا خارجی عبید اللہ سعد ولد غلام غوث صالحی افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہی قلعہ کا رہائشی تھا اور کالعدم فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا۔یاد رہے کہ عبید اللہ سعد پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مکران ڈویژن کے ضلع تمپ میں بروقت کارروائی کر کے فتنہ الہندوستان کا بزدلانہ حملہ بری طرح ناکام بنا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر تمپ کی گاڑی کو نشانہ بنا کر سکواڈ کو اغوا کرنے کی بزدلانہ سازش کی، سکیورٹی فورسزکی مو ثر کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں مل گئے ،کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments