میر رضا کے ایک اوربزنس پارٹنر، ملازمین اور مبینہ قرض خواہوں کو نوٹسز
کمیشن نے کاروبار اور مالی معاملات کی انکوائری کے سلسلے میں مزید گواہان کو طلب کرلیا
کراچی (سٹاف رپورٹر) میر رضا علی کیس کی جوڈیشل انکوائری میں اہم پیش رفت، کمیشن نے میر رضا کے مزید بزنس پارٹنر، ملازمین اور مبینہ قرض خواہوں کو نوٹس جاری کردیئے ۔ جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن نے میر رضا کے کاروبار اور مالی معاملات کی انکوائری کے سلسلے میں مزید گواہان کو طلب کرلیا، کمیشن نے میر رضا کے ایک اور بزنس پارٹنر احسان انیس شمسی، بزنس منیجر شہریار عرف شیری اور اکاؤنٹنٹ عمیر کو نوٹس جاری کردیئے ، کمیشن نے میر رضا کے مبینہ قرض خواہوں حسن تنولی، اسد علی بٹ اور عثمان بوزئی کو بھی 15 ستمبر کو پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کردیئے ، آسٹریلیا میں موجود حسن تنولی کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا، میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد نے کمیشن کے سامنے میر رضا کے مبینہ قرض خواہوں کے نام اور تفصیلات بتائی تھیں، احمد کے مطابق میر رضا کی گمشدگی کے دوران حسن تنولی، اسد بٹ اور عثمان بوزئی نے رابطہ کیا تھا، میر رضا کو حسن تنولی کے 50 لاکھ جبکہ اسد بٹ کے 25 لاکھ روپے ادا کرنے تھے ، احمد نے کمیشن کی نشاندہی پر بیان میں بتایا تھا کہ احسان انیس شمسی کو میر رضا نے بطور انویسٹر ملوایا تھا اور احسان انیس شمسی نے میر رضا کو 50 لاکھ روپے دیے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments