پولیس کیلئے باڈی ورن کیمروں کا آغاز ، کرپشن کا سدباب ہوگا: مریم نواز

 پولیس کیلئے باڈی ورن کیمروں کا آغاز ، کرپشن کا سدباب ہوگا: مریم نواز

ان کیمروں کے استعمال کیلئے پولیس فیلڈ فورس کی ٹریننگ مکمل ،ابتدائی طورپر یہ پراجیکٹ لاہور میں شروع کیا جارہا عوام بالخصوص کمزور طبقات میں یقینی تحفظ کا احساس ہی کامیابی ،جمہوریت ہی منزل پر پہنچنے کاواحد راستہ:وزیراعلیٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر)موثر اور شفاف پولیسنگ کیلئے پنجاب میں پہلی مرتبہ پولیس فیلڈ فورس کیلئے باڈی ورن کیمروں کا آغاز کر دیا گیا اوران کیمروں کے استعمال کیلئے پولیس فیلڈ فورس کی ٹریننگ  مکمل ہوگئی ،ابتدائی طورپر لاہور میں باڈی ورن کیمروں سے پراجیکٹ کا آغازکیا جارہاہے ،پولیس سٹیشنزمیں کیمروں کیلئے ڈاکنگ پوائنٹ کی تنصیب شروع کردی گئی۔اس حوالے سے وزیراعلی ٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ باڈی ورن کیمرے سے نہ صرف مانیٹرنگ ممکن ہوگی بلکہ کرپشن کو بھی روکا جا سکے گا،عوام بالخصوص کمزور طبقات میں یقینی تحفظ کا احساس ہی کامیابی ہے ،پنجاب کے ہر فرد کے جان ومال کی حفاظت حکومت کا فرض اولین ہے۔مزید تفصیلات کے مطابق باڈی ورن کیمرے صوبہ بھر کے 43شہروں میں قائم سمارٹ سیف سٹی سسٹم سے منسلک ہوں گے ،پنجاب پولیس،پنجاب ہائی وے پولیس،ڈولفن فورس اور ٹریفک وارڈنز دوران ڈیوٹی باڈی ورن کیمرے پہنیں گے -جدید ترین کیمرے میں چہرے کی ڈیجیٹل شناخت کے فیچر سے ملزموں کی شناخت بھی کی جائے گی ،اس میں کالنگ فیچر بھی موجودہے جس سے فوری رابطہ ممکن ہوگا ، کیمرے سے آڈیوویڈیوکے علاوہ تصویر بھی لی جاسکے گی ،پولیس کے نئے باڈی کیم پراجیکٹ سے بائیک اور وہیکل نمبر پلیٹ کی آٹو میٹڈ ریڈنگ بھی ہوگی اورہنگامی صورتحال میں فوری طورپر تھرٹ الرٹ بھی جنریٹ ہو سکے گا۔ کیمرے سے دوران ڈیوٹی آڈیو، ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی ۔ ڈیوٹی کے بعد پولیس اہلکار باڈی ورن کیمرے کو مخصوص ڈاکنگ پوائنٹ پر رکھیں گے جہاں ریکارڈڈیٹاآٹومیٹک ٹرانسفر ہو کر محفوظ ہوجائے گا۔

باڈی کیم میں پش ٹو ٹاکفیچر کے ذریعے فیلڈ ڈیوٹی آفیسر کنٹرول روم سے فوری رابطہ بھی کرسکے گا-باڈی ورن کیمرے پرایس او ایسایمرجنسی بٹن کے ذریعے کنٹرول روم کو ہنگامی حالات کی اطلاع دی جاسکے گی ۔ کیمروں کی متعلقہ ڈسٹرکٹ سیف سٹی کنٹرول روم میں لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم جمہوریت پرجاری اپنے پیغام میں کہاہے کہ عالمی یوم جمہوریت منانے کا مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت اجاگر کرنا ہے ،جمہوریت محض سیاسی نظام نہیں بلکہ ترقی میں عوام کے فعال کردار کے مسلسل عمل کا نام ہے ،جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے جس کی منزل متوازن فلاحی معاشرہ ہے ، جمہوریت کی کامیابی کیلئے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی امر ہے ۔انہوں نے کہاکہ احتساب جمہوریت کا اہم ستون ہے ، عالمی یوم جمہوریت پر کرپٹ عناصر کے احتساب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،پنجاب میں کرپشن کے سدباب کے لئے منظم مہم جاری ہے ،آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے ، جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کے لئے سول سوسائٹی اور اداروں کی فعالیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے ، جمہوریت ہی سیاسی،معاشی اور سماجی استحکام کی منزل پر پہنچنے کاواحد راستہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...