موبائل ٹاورز : چوری، توڑ پھوڑ کے 9200واقعات، 16فیصد سیلولر سائٹس متاثر
11 ماہ میں بڑھتے واقعات سنگین مسئلہ ،پی ٹی اے کی فوری مقدمات درج کرانے کی ہدایت وزارت قانون ، آئی ٹی میں مشاورت جاری ، ٹیلی کام کمپنیوں سے تجاویز بھی طلب ٹیلی کام سائٹس کیلئے ایکسپریس فیڈرز، سمارٹ ٹرانسفارمرز ،گرڈ پر کام شروع ہوگیا ، پی ٹی اے
اسلام آباد (حریم جدون)ملک بھر میں موبائل ٹاورز پر چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوگیا، گزشتہ 11 ماہ کے دوران 9 ہزار 200 سے زائد چوری اور تخریب کاری کے واقعات ریکارڈ کئے گئے ، جن کے باعث ملک بھر کی 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر ہوئیں ۔ پی ٹی اے کے مطابق موبائل ٹاورز پر چوری اور تخریب کاری کے بڑھتے واقعات ٹیلی کام سروسز کے لئے سنگین مسئلہ بن رہے ہیں۔ پی ٹی اے نے تمام موبائل آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات پر بروقت ایف آئی آر درج کروائی جائے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مقدمات کی مؤثر پیروی کرتے ہوئے انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں۔پی ٹی اے کے مطابق موبائل ٹاورز اور انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لئے وزارت قانون، پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں سے مسائل کے مستقل حل کے لئے تجاویز بھی طلب کرلی گئی ہیں ،دوسری جانب ٹیلی کام سائٹس کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے بھی اقدامات شروع کرد ئیے گئے ہیں ، پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سائٹس کے لئے خصوصی بجلی کے ٹاورز اور سمارٹ گرڈ سسٹم پر کام شروع کردیا گیا ہے پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نیپرا، پاور ڈویژن اور ڈسکوز کے ساتھ ٹیلی کام انڈسٹری کو صنعتی پاور ٹیرف کی فراہمی کے معاملے پر مذاکرات جاری ہیں ، ٹیلی کام سائٹس پر لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے سیکرٹری وزارت آئی ٹی کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ،ٹیلی کام ٹاورز کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ایکسپریس فیڈرز اور سمارٹ ٹرانسفارمرز کے استعمال کے ذریعے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی تجویز پر بھی کام جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments