وفاق پٹرولیم لیوی ختم کرے ، سندھ اسمبلی میں قراردادمنظور

وفاق پٹرولیم لیوی ختم کرے ، سندھ اسمبلی میں قراردادمنظور

پی ٹی آئی رکن محمداویس نے پیش کی،ایم کیوایم اب مزے لے رہی:شرجیل

کراچی(سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں منگل کو پرائیوٹ ممبر ڈے کے موقع پر ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے سے متعلق اپوزیشن کے رکن کی قرارداد متفقہ  طور پر منظور کرلی گئی۔قرارداد پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی محمد اویس نے پیش کی جس کی حکومت کی جانب سے مخالفت نہیں کی گئی ۔سینئر صوبائی وزیرشرجیل انعام میمن نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے عوام بہت پریشان ہیں۔ حکومت فی لیٹر پر 100 روپے سے زیادہ لیوی لیتی ہے یہ لیوی ختم ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اتحادی ہے اسے چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دلانے کے لئے وفاقی حکومت سے بات کرے ۔انہوں نے یاد دلایا کہ ایم کیو ایم ماضی میں پی پی حکومت کی اتحادی تھی۔

اس زمانے میں ایک روپے پٹرول کی قیمت بڑھ گئی تو اس نے حکومت چھوڑ دی تھی لیکن اس وقت یہ لوگ حکومت کے مزے لے رہے ہیں ،جو وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہیں وہ ا س معاملے پر بات کریں ،ہم اس قرارداد کی بھرپور تائید کرتے ہیں اوروفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ لیوی ختم کرے ، وفاقی حکومت پٹرولیم قیمتوں کے سلسلے میں ہوش کے ناخن لے۔شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وفاقی نمائندے پٹرول کی مہنگائی کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھاتے ؟ ایم کیو ایم اقتدار کے نشے اور ہوس میں عوام کی مشکلات کو نظر انداز نہ کرے ۔ایوان کی کارروائی کے دوران صوبے میں منشیات کی فروخت کے متعلق ایم کیو ایم کے رکن عامر صدیقی کی تحریک التوا حکومت کی جانب سے مخالفت کے باعث پینل آف چیئرمین نے مسترد کردی۔

عامر صدیقی کا کہنا تھا کہ فلائی اوورز اورپلوں کے نیچے منشیات فروخت ہو رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی رکن ہیر سوہو نے کہا کہ تحریک التوا کسی حالیہ واقعے پر ہوتی ہے ،اس لئے یہ تحریک التوا کے قواعد پر پوری نہیں اترتی۔وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے کہا کہ خواتین کی شکایات کے ازالے کے لئے صوبے بھر میں ڈویژنل سطح پر ہمارے شکایتی مراکز موجود ہیں اورہر ضلع میں محکمے کا دفتر بھی موجود ہے ،روزانہ 5 سے 15 شکایات موصول ہوتی ہیں جن پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ وومن ڈیولپمنٹ میں 27 آسامیاں خالی ہیں جو گریڈ 1 سے لیکر گریڈ 19 تک کی ہیں، محکمے میں 87 میں سے 60 ملازمین کام کر رہے ہیں،اس وقت محکمے میں ڈائریکٹر ،ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے خالی ہیں۔اجلاس منگل کو پینل آف چیئرمین کے ڈاکٹرسکندر شورو کی زیر صدارت 20 منٹ کی تاخیر سے شروع ہواتھا۔بعدازاں اجلاس جمعہ کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...