پر امن احتجاج سے پریشر بڑھانا چاہتے ہیں،وقاص اکرم
پاسپورٹ بلاک کیا جانا کچھ معنی نہیں رکھتا ، ہم کہیں نہیں جا رہے معاملات مل بیٹھ کر حل کریں،مصطفی نواز ، دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور (دنیا نیوز )سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے ہم رول آف لا کے لیے ہمیشہ نکلتے ہیں اس مرتبہ عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی اسیران کی رہائی مقصد ہے جو غیر قانونی قید میں ہیں ، امن احتجاج کے ذریعہ تحریک انصاف پریشر بڑھانا چاہتی ہے جس سے ہمیں چیزوں کو حل کرنے اور حکومت کو مجبور کرنے کا موقع مل سکے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میری وکلا سے بات ہوئی ہے ان کاکہنا ہے اگر کو ئی آپ کو روکتا ہے تو یہ غیر قانونی ہو گا ، عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا کیس سپریم کورٹ سے ڈی لسٹ نہیں ہوا ، تحریک انصاف کے وکلا آج سپریم کورٹ جائیں گے ، اس فیصلے پر سپریم کورٹ کو رد عمل دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا سہیل آفرید ی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ منتخب وزیر اعلیٰ کے ساتھ زیادتی ہے ، پاسپورٹ کا بلاک کیا جانا کچھ معنی نہیں رکھتا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ، ہم بتانا چاہتے ہیں کوئی بھی باہر نہیں جا رہا ، ہم کہیں نہیں جا رہے ،ہمارے گھر یہاں ہیں ، خاندان یہاں ہیں ہم نے کہاں جانا ہے ۔سینئر سیاستدان ، وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا معاملات سڑکوں کی بجائے مل بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں ، وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان رابطے ہوئے ہیں ، چند دنوں میں ملاقات ہوگی ، سیاسی ڈایئلاگ سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے ، سپریم کورٹ اس میں کوئی عمل دخل نہیں رکھتی ، وہ اس میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی ، حکومت ہوش کے ناخن لے ملکی حالات ایسے نہیں ہیں کہ اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments