آسان ٹیکس سکیم میں 5ہزار تاجررجسٹرڈ، 200کے گوشوارے جمع
سبز پلیٹ والی دکان سے ایف بی آر پوچھ گچھ کریگا نہ ہی آڈٹ ہوگا،بلال کیانی چھوٹے تاجروں کیلئے بہترین سکیم،ایف بی آر کا ڈر ختم ہوگا :کاشف چودھری
اسلام آباد(مدثرعلی رانا) وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے کاروباروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے آسان تاجر سکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت تقریباً 5 ہزار تاجروں نے موبائل ایپ پر رجسٹریشن مکمل کرلی ہے تاہم ذرائع کے مطابق صرف 2 سو کے لگ بھگ تاجروں نے گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ایف بی آر کی تاجر ٹیکس سکیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم تاجروں کی مشاورت اور رہنمائی سے تیار کی گئی ۔ تیاری کے دوران تاجر برادری کے ایک ایک نکتے پر تفصیلی گفتگو اور طویل مشاورت کی گئی تاکہ ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ باقاعدہ ٹیکس دینے والے تاجروں کے لیے سبز پلیٹ لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور پہلی سبز پلیٹ پشاور کے ایک تاجر کو جاری کی گئی ہے ۔ ابتدائی طور پر ملک بھر کے تاجروں کے لیے 50 سبز پلیٹس جاری کی گئی ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے واضح کیا کہ جس دکان پر سبز پلیٹ نصب ہوگی وہاں ایف بی آر کے عملے کا معمول کا عمل دخل ختم کردیا جائے گا اور عملہ دکان پر آکر پوچھ گچھ نہیں کرسکے گا۔ سبز پلیٹ لگنے کے بعد متعلقہ تاجر کا ایف بی آر کی جانب سے آڈٹ بھی نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکیم کے ذریعے تاجروں کو غیر ضروری دفتری کارروائی اور مداخلت سے بچانے کی کوشش کی گئی جبکہ حکومت تاجروں کی شکایات کے ازالے اور ٹیکس نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔مرکزی انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر کئی سال سے اس سکیم کا مطالبہ اور اس کے لیے احتجاج کررہے تھے ، حکومت نے بالآخر ان کی بات سن لی۔ انہوں نے وزیراعظم، بلال اظہر کیانی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے لیے یہ سکیم بہترین ہے ، ایف بی آر کا ڈر اور خوف ختم ہوگا اور دکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ ختم ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments