ساڑھے بارہ لاکھ ٹن چینی سرپلس، ایکسپورٹ کی اجازت طلب
کرشنگ سیزن میں ملز نہیں چلیں گی،گنے کے کسانوں کو بروقت ادائیگیاں مشکل خطرے کی گھنٹی بجا دی،بروقت فیصلے ورنہ یہ انڈسٹری بھی تباہ ہو جائیگی:ذکا اشرف
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہاہے کہ شوگر انڈسٹری تباہی کے دہانے پر ہے ، ساڑھے بارہ لاکھ میٹرک ٹن چینی سرپلس ہے ہمیں فوری چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے ورنہ آنے والے کرشنگ سیزن میں ملز نہیں چلیں گی،گنے کی کسانوں کی بروقت ادائیگی مشکل ہو جائے گی،لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوگر انڈسٹری اس وقت حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے ، حکومت ایکسپورٹ فیصلے میں مسلسل تاخیر کررہی ہے ، آئی ایم ایف مسلسل کہہ رہا ہے کہ شوگر انڈسٹری کو فوری ڈی ریگولیٹ کیا جائے لیکن ہر فورم پر شوگر ملز مالکان کو ہی چور کہا جاتا ہے ، مہنگائی کئی گنا بڑھ گئی مگر اب بھی چینی سستی ترین ہے ، اس طرح نہ کسان بچے گا اور نہ شوگر ملز چلیں گی ،مزید کہا کہ شوگر ملز انڈسٹری نے خطرے کی گھنٹی بجا کر حکومت کو آگاہ کردیا ہے ، شوگر ملز مالکان کی مشاورت سے چینی کی ایکسپورٹ ، گنے کے کسانوں کو ادائیگی سمیت دیگر فیصلے بروقت نہ کئے گئے تو ٹیکسٹائل کی طرح یہ انڈسٹری بھی تباہ ہو جائے گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments