پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں کمی ریکارڈ
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال اگست 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک محدود ہوگیا، جبکہ گزشتہ سال اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 32 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یوں ایک سال کے دوران اگست کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی نمایاں کمی ہوئی۔ مرکزی بینک کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر بھی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بڑی کمی آئی۔ جولائی 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 44 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا، جو اگست میں کم ہو کر 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گیا۔ اس طرح صرف ایک ماہ میں خسارہ 34 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کم ہوا، جو تقریباً 78 فیصد کمی بنتی ہے ۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ، یعنی جولائی اور اگست کے دوران مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 54 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 85 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 31 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کا مطلب ہے کہ ملک کی بیرونی ادائیگیوں اور بیرون ملک سے حاصل ہونے والی آمدنی کے درمیان فرق گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوا ہے ۔ اگست میں خسارے میں نمایاں کمی اور مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے مجموعی خسارے میں کمی بیرونی شعبے کے دباؤ میں کمی کی نشاندہی کرتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments