27 ہزار سے زائد وفاقی افسران کے گوشوارے آن لائن جمع ہونگے

27 ہزار سے زائد وفاقی افسران کے گوشوارے آن لائن جمع ہونگے

17 تا 22 گریڈ کے افسران 30 اکتوبر تک آمدن و اثاثوں کے گوشوارے جمع کرائیں گے

 اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے سول بیوروکریسی کے اثاثوں اور آمدن کے گوشوارے جمع کرانے کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اسے ایف بی آر کے آن لائن نظام سے منسلک کر دیا ۔ وفاق کے ماتحت 17 تا 22 گریڈ کے 27 ہزار سے زائد افسران اب اپنے آمدن اور اثاثوں کے گوشوارے مینوئل طریقے کے بجائے ایف بی آر کے مخصوص آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں گے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق مالی سال 2025-26 کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ ڈیجیٹل نظام آمدن اور اثاثوں کے گوشواروں کی جمع کرانے ، جانچ پڑتال اور اشاعت کے لیے ایف بی آر کے اشتراک سے نافذ کیا گیا ہے ۔ یہ نظام سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 15-اے اور سول سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 2026 کے ضابطہ 12 کے تحت لاگو کیا گیا ہے ۔نئے نظام کے تحت افسران کو آن لائن اکاؤنٹ بنانے کے لیے اپنا نام، عہدہ، فعال ذاتی ای میل، موبائل فون نمبر اور شناختی کارڈ نمبر کیڈر ایڈمنسٹریٹر کو فراہم کرنا ہوگا۔ وفاقی وزارتیں افسران کی فہرست ایف بی آر کو بھجوائیں گی، جس کے بعد ایف بی آر ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے اکاؤنٹ بنانے سے متعلق اطلاع دے گا۔

افسر اطلاع ملنے کے بعد پورٹل پر اپنا اکاؤنٹ فعال کرکے آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات درج کر سکے گا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق آن لائن جمع کرائی گئی معلومات کی ایف بی آر مختلف ذرائع سے جانچ اور تصدیق کرے گا، جبکہ متعلقہ کیڈر کی ایڈمنسٹریٹر وزارت کو بھی اس عمل سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ آمدن اور اثاثوں میں فرق کی صورت میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، ایف بی آر اور متعلقہ وزارتیں و ادارے افسران کی چھان بین اور تحقیقات کر سکیں گے ۔وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق افسران کی نجی معلومات کے تحفظ کے لیے اثاثوں کے گوشواروں کے صرف منتخب غیر حساس حصے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر عام لوگوں کے لیے شائع کیے جائیں گے ۔ افسران کو گوشوارے جمع کراتے وقت معلومات کی درستگی اور تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ غلط بیانی، معلومات چھپانے یا گوشوارہ جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔آن لائن جمع کرائے گئے گوشوارے میں غلطی کی درستی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، تاہم یہ سہولت 30 نومبر 2026 تک متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر کی منظوری سے استعمال کی جا سکے گی۔ گوشوارہ کامیابی سے جمع کرانے کے بعد ایف بی آر پورٹل کے ‘‘جمع کرائے گئے ’’ حصے میں ظاہر ہوگا۔ آن لائن گوشوارہ جمع کرانے میں دشواری کی صورت میں متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر وزارت سے رابطہ کیا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...