امیر البحر کا یونٹس،کریکس ایریا کا دورہ، سی سپارک مشق کا جائزہ
بدلتے جنگی تقاضوں کے پیش نظر سی سپارک میں جدید آپریشنل تصورات شامل پاک بحریہ کے جوانوں کی آپریشنل تیاری ،عزم قابلِ تحسین ، ایڈمرل نوید اشرف
راولپنڈی (دنیا نیوز)امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں پاک بحریہ کی یونٹس اور کریکس ایریا کا دورہ کیا اور سی سپارک 2026 بحری مشق کا جائزہ لیا اور آپریشنل تیاریوں کا معائنہ بھی کیا ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سی سپارک یکم ستمبر سے جاری ہے ، مکمل بحری آپریشنز کی مشق کی جا رہی ہے ، سی سپارک 2026 میں امن سے جنگی آپریشنز کی جانب فوری منتقلی کی صلاحیت آزمائی جا رہی ہے ،آئی ایس پی آر کے مطابق بدلتے جنگی تقاضوں کے پیش نظر سی سپارک 2026 میں جدید آپریشنل تصورات شامل ہیں، مشق میں انفارمیشن انوائرمنٹ میں آپریشنز اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی مشق بھی شامل ہے ۔سی سپارک میں بغیر پائلٹ نظاموں کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے ، سی سپارک پاک بحریہ کی ہمہ جہت بحری آپریشنز کی تیاری کا جائزہ ہے ،نیول چیف نے مشق میں شریک اہلکاروں سے ملاقات کی، پیشہ ورانہ مہارت ،بلند حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں کی آپریشنل تیاری اور عزم قابلِ تحسین ہے ،امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں ناقابلِ تسخیر رہنے کے عزم پر پاک بحریہ کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments