سندھ میں 18سالہ حکمرانی کی تحقیقات کی جائے :خالد مقبول

سندھ میں 18سالہ حکمرانی کی تحقیقات کی جائے :خالد مقبول

زیادہ سے زیادہ انتظامی یونٹس ہونے چاہئیں، اتوار کو ریلی نہیں ریلا تھا: فاروق ستار

کراچی (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ کی صورتحال پر عدالتوں سے نوٹس لینے اور صوبے میں گزشتہ 18 سالہ طرز حکمرانی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ انتظامی یونٹس ہونے چاہئیں کیونکہ آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اتوار کو ایم کیو ایم کی ریلی عوامی ریفرنڈم تھی، سندھ کے شہری سڑکوں پر آکر اپنا فیصلہ سنا رہے ہیں۔ تمام رکاوٹوں اور پروپیگنڈے کے باوجود عوام نے تاریخ رقم کی، پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی ریلی اور مارچ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب موروثی سیاست ختم کرنے کا وقت آگیا ہے ، ریلی نے بہت سی سازشوں اور منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے ۔خالد مقبول نے دعویٰ کیا کہ 1970ء کے بعد سے سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کم ظاہر کی گئی، کراچی سندھ کی آبادی کا 37 فیصد نہیں بلکہ تقریباً 57 فیصد ہے ۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم نے مردم شماری میں 70 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کو مصنوعی اکثریت کے ذریعے غلام بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے ، انتظامی یونٹس کے قیام اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں۔انہوں نے سندھ میں گزشتہ 18 سال کے طرز حکمرانی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالتیں صوبے کی صورتحال کا نوٹس لیں اور 18 سالہ طرز حکمرانی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔ جاگیردارانہ نظام کے ہوتے ہوئے پاکستان کا مستقبل نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ صبر کبھی جبر کے ہاتھوں شکست نہیں کھاتا، ہم نے خون کی ندیاں پار کی ہیں، دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے ، یہ نہ بھولیں کس قوم کو للکار رہے ہیں۔ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا کہ اتوار کو ریلی نہیں بلکہ ریلا تھا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے مظلوموں کا ساتھ دیا، جس پر وہ اس کے شکرگزار ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...