توشہ خانہ قواعد سخت،30دنوں میں تحفہ جمع کرانا لازم،سال میں دوبار کھلی نیلامی
وزیراعظم، صدر کے علاوہ سرکاری حکام کے تحائف وصول کرنے کی حوصلہ شکنی، گریڈ 4تک ملازمین نقد انعام رکھ سکیں گے نیلامی کی براہِ راست میڈیا کوریج، سرکاری عہدیدار یا خاندان کے افراد کی شرکت پر پابندی، رقم بچیوں کی تعلیم پر خرچ ہو گی تحائف کی ویلیو ایف بی آر، ہتھیاروں کی پی او ایف واہ طے کریگی، مصنوعی ذہانت سے مدد لی جاسکے گی، رولز 2026نافذ
اسلام آباد(دنیا نیوز)وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے قواعد مزید سخت کرتے ہوئے توشہ خانہ مینجمنٹ اینڈ ریگولیشن رولز 2026 نافذ کر دیئے ، کابینہ ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نئے قواعد میں وزیراعظم اور صدر مملکت کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیداروں کے تحائف وصول کرنے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، تحائف کی کھلی عوامی نیلامی کی جائے گی، حاصل رقم پسماندہ علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر خرچ ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ثقافتی، تاریخی اور سفارتی حساسیت کے حامل تحائف نیلام نہیں کیے جائیں گے ، نیلامی ترجیحاً سال میں دو مرتبہ اور کم از کم ایک مرتبہ لازمی ہوگی، سرکاری عہدیدار اور ان کے خاندان کے افراد نیلامی میں حصہ نہیں لے سکیں گے ، سیٹ کی صورت میں تحائف الگ الگ فروخت نہیں کیے جائیں گے اور نیلامی کی براہ راست میڈیا کوریج کی جائے گی۔ تحائف سے متعلق فیصلوں کیلئے سیکرٹری کابینہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں خزانہ، خارجہ، قانون اور ثقافت ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹریز شامل ہوں گے ۔
کمیٹی یہ فیصلہ کرے گی کہ کون سے تحائف نیلام کیے جائیں اور کون سے تاریخی یا حساس حیثیت کے باعث محفوظ رکھے جائیں۔ سفارتی آداب کے باعث تحفہ لینا ناگزیر ہو تو 30 دن کے اندر اور بیرون ملک دورے سے واپسی پر بھی تحفہ 30 دن کے اندر توشہ خانہ میں جمع کرانا ہوگا، الگ جہاز سے آنے والے تحفے کیلئے 60 دن کی مہلت ہے ، گریڈ 1 تا 4 ملازمین نقد انعام اپنے پاس رکھ سکیں گے ۔ تحائف کی مارکیٹ ویلیو ایف بی آر اور نجی تخمینہ کار طے کریں گے ، تخمینوں کا 25 فیصد سے زیادہ فرق ہونے پر تیسرے تخمینہ کار کی رائے حتمی ہوگی ، قیمت کے تعین کیلئے مصنوعی ذہانت سے بھی مدد لی جاسکے گی، ہتھیاروں کی قیمت پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ طے کرے گی۔ قواعد کے مطابق مقررہ مدت میں تحفہ جمع نہ کرانے پر عدالت میں شکایت درج کرائی جاسکے گی، توشہ خانہ کے تحائف کی حفاظت گریڈ 20 کے افسر کے سپرد ہوگی ، سٹور روم میں سی سی ٹی وی کیمروں اور مناسب تالہ بندی لازمی قرار دی گئی ہے ۔ نئے نظام کے تحت تمام تحائف کا ریکارڈ اور تصاویر ویب پورٹل پر شائع کی جائیں گی ، تحفہ دینے والی شخصیت اور ملک کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments