شہر میں پھر جبری لوڈشیڈنگ شروع،5گھنٹے تک بجلی بندش
تکنیکی خرابیوں ، ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث بھی کئی کئی گھنٹے بجلی غائب
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) شہر میں ایک بار پھر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں جبری لوڈشیڈنگ جاری ہے ، جبکہ بعض علاقوں میں رات کے وقت 2 سے 3 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے ۔ دیہی اور سرحدی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 گھنٹے سے زائد ہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق زیادہ بجلی کے نقصانات والے فیڈرز پر 2 سے 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث بھی شہریوں کو کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں شمسی نظام کے باعث بجلی کی طلب کم رہتی ہے ، تاہم شام اور رات کے وقت شمسی نظام بند ہونے سے طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ طلب بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے ۔لیسکو کی اوسط بجلی کی طلب رات کے اوقات میں 4 ہزار 500 سے 4 ہزار 800 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے ۔ غیرا علانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments