بلدیاتی انتخابات کرانے کے پابند ، تیاریاں جاری :چیف الیکشن کمشنر
حکومت نے 15دسمبرسے 15 جنوری تک تیاری کی یقین دہانی کرائی تھی الیکشن میں تاخیر کسی کے مفاد میں نہیں :سلطان سکندر ،روزنامہ دنیاسے گفتگو
لاہور (نامہ نگار خصوصی)چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر نے واضح کیا ہے کہ حالات کچھ بھی ہوں، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے اور اس حوالے سے تیاریاں جاری ہیں، جن پر اربوں روپے کے اخراجات اٹھتے ہیں۔ روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والی مشاورت میں حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ 15 دسمبر سے 15 جنوری تک بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہوگی۔ یہ خالصتاً آئینی عمل ہے ، اس میں کسی لیت و لعل کی گنجائش نہیں۔ اگر ایسا ہوا تو حکومت کو جوابدہ بنائیں گے ۔ یہ عمل مکمل ہونا ہے اور اس حوالے سے کوئی دو رائے نہیں۔ بلدیاتی انتخابات سے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، یہ ادارے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہیں۔ انتخابات میں تاخیر کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔ انہیں پورا یقین ہے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے پیش رفت کے لیے تیار ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کے تحت پرنٹنگ سمیت دیگر انتظامات شروع کر رکھے ہیں۔ جس طرح الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں کا پابند ہے ، اسی طرح حکومت کی بھی اس حوالے سے ذمہ داریاں ہیں اور وہ انہیں پورا کرے گی۔ اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت کو جوابدہ بنایا جا سکتا ہے ، تاہم ابھی تک ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی جس سے یہ کہا جا سکے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments