ایس پی ایف آئی آر نہ پڑھ سکے ، چیف جسٹس برہم،آئی جی طلب

ایس پی ایف آئی آر نہ پڑھ سکے ، چیف جسٹس برہم،آئی جی طلب

پورے پنجاب کا بیڑا غرق، ایف آئی آر میں مکھیاں بنی ہوئی ہیں:جسٹس عالیہ نیلم

لاہور (کورٹ رپورٹر)کمرہ عدالت میں ایس پی صدر ایف آئی آر نہ پڑھ سکے ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری میاں محمد جمیل کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ایس پی عبداللہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سیشن کورٹ نے 2021 میں درخواست گزار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ درخواست گزار نے اپنے خلاف مقدمہ درج کرنے کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، جس پر ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا تھا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار کے خلاف غیر قانونی مقدمہ درج کیا گیا۔ وکیل نے استدعا کی کہ متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ایس پی سے کہا کہ ایف آئی آر پڑھی نہیں جا رہی، سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا لکھا ہے ۔ عدالتی حکم پر ایس پی عبداللہ پولیس کی ایف آئی آر نہ پڑھ سکے ، جس پر عدالت نے پولیس پر سخت اظہار ناراضی کیا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس د ئیے کہ پورے پنجاب کا بیڑا غرق ہے ، پنجاب میں یہی حال ہے ۔ ایف آئی آر پڑھنے کے قابل نہیں ہوتی، ایف آئی آر میں مکھیاں بنی ہوئی ہیں، مکھیوں کا سائز بھی بڑا ہوتا ہے ۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...