انٹرمیڈیٹ نتیجہ65فیصد،لاہورمیں75فیصد طالبات کامیاب
359 میں سے پنجاب کالجز کی 138پوزیشنز،سرکاری اداروں کی صرف39 پنجاب کالجز نے فیصل آباد بورڈ میں سب سے زیادہ 21 پوزیشنز حاصل کر لیں
لاہور (سٹاف رپورٹر،آئی این پی)پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کر دئیے گئے ۔لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ مجموعی کامیابی کی شرح 65 فیصد رہی، ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد طلبہ امتحان میں شریک ہوئے جبکہ ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد کامیاب قرار پائے ۔بورڈز کی کل 359 پوزیشنز میں سے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں نے صرف 39 پوزیشنزحاصل کیں جبکہ پنجاب کالجز 138 پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنزکے ساتھ سر فہرست رہا۔ فیصل آبادبورڈ میں مجموعی طور پرپہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے ساتھ کل21 پوزیشنز،راولپنڈی بورڈمیں مجموعی طور پرپہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے ساتھ کل16پوزیشنز، ملتان بورڈ میں مجموعی طور پرپہلی اور دوسری پوزیشن کے ساتھ کل 10پوزیشنز، سرگودھا بورڈ میں مجموعی طور پرپہلی پوزیشن کے ساتھ کل9پوزیشنز،گوجرانوالہ بورڈ میں13پوزیشنز، لاہور بورڈ میں13 پوزیشنز، ساہیوال بورڈ میں11پوزیشنز، بہاولپور بورڈ میں9پوزیشنزاورڈیرہ غاذی خان بورڈمیں 6پوزیشنز کے ساتھ پنجاب کالجز سر فہرست رہا۔ لاہور بورڈ میں مجموعی طور پر طالبات کی کامیابی کا تناسب 75 فیصد جبکہ طلباکی شرح 51 فیصد رہی۔ پری میڈیکل گروپ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 83 فیصد رہا، پری انجینئرنگ گروپ میں کامیابی کا تناسب 79 فیصد جبکہ جنرل سائنس میں مجموعی طور پر63 فیصد طلبا کامیاب ہوئے ۔
بہاولپورتعلیمی بورڈ کے زیرانتظام انٹرمیڈیٹ پارٹ 1 اور 2 کے سالانہ امتحانات کے مطابق جماعت نہم اور دہم کی طرح انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کامیابی کی شرح میں کمی ہوئی ہے ۔ کامیابی کی شرح 59.92 فیصد کے ساتھ 3 سال کی کم ترین سطح پر رہی۔بہاولپور بورڈ میں مجموعی طور پر 60 ہزار 592 طلبہ نے امتحان دئیے ،36ہزار304 طلبہ پاس اور 24 ہزار288 طلبہ فیل ہوئے ۔ کامیابی کا تناسب 2025 میں 63.53فیصد جبکہ 2024 میں تناسب 60.16 فیصد تھا۔ڈیرہ غازی خان میں انٹرمیڈیٹ امتحان 2026 میں مجموعی طور پر 59,243 امیدوار شریک ہوئے ، امتحان میں 43,332 امیدوار کامیاب قرار پائے ، کامیابی کامجموعی تناسب73.14فیصد رہا۔ طالبات نے 82.55 فیصد جبکہ طلبا نے 63.85 فیصد کامیابی حاصل کی۔فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے بھی انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا، جہاں لڑکیوں نے میدان مارلیا۔ پہلی 7 پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ کامیابی کا تناسب 71 فیصد سے زائد رہا۔ امتحانات میں1لاکھ9ہزار245طلبا نے حصہ لیا،77 ہزار 708 امیدوار کامیاب ہوئے ۔راولپنڈی بورڈ کے مطابق طالبہ عطفہ جاوید 1156 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، جبکہ نور فاطمہ ساجد 1151 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہیں۔ تیسری پوزیشن نبیحہ ایمان اور منیب شاہ نے مشترکہ طور پر 1142 نمبر لے کر حاصل کی۔ نتائج کے مطابق طالبات نے ایک بار پھر نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے طلبا پر سبقت حاصل کرلی۔ مجموعی طور پر 61 ہزار 409 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 36 ہزار 896 کامیاب قرار پائے ۔ بورڈ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی کامیابی کا تناسب تقریبا 60.08 فیصد رہا، جبکہ طالبات کی کامیابی کی شرح 67.56 فیصد اور طلبہ کی 46.52 فیصد رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments