وفاق سابق صدر کو قانون کیمطابق رہائشی استحقاق دے ،ہائیکورٹ
عارف علوی اورشہاب امام کی رہائشگاہ سے متعلق درخواست نمٹادی ،تحریری فیصلہ جاری
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کو سابق صدر کی حیثیت سے رہائش گاہ کی فراہمی سے متعلق درخوا ست سمیت سابق کسٹم افسر شہاب امام کی درخواست نمٹا دی، عدالت نے دونوں درخواستوں کا مشترکہ تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو 1974 کے قانون کے تحت سابق صدر کے رہائشی استحقاق سے متعلق کارروائی کی ہدایت کردی۔ تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ 2002 کے رولز صرف وفاقی سرکاری ملازمین پر لاگو ہوتے ہیں اور ان قوانین کے تحت سابق صدر کے رہائشی استحقاق کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت کی جانب سے سابق صدر کو بنگلے کی الاٹمنٹ کی موجودہ حیثیت سے متعلق استفسار پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل واضح جواب نہیں دے سکے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ 1974 کے قانون کے تحت سابق صدر کو مفت سرکاری رہائش گاہ یا مقررہ کرایہ لینے کا استحقاق حاصل ہے ۔ عدالت اس معاملے پر فوری رائے دینے سے گریز کرتی ہے ، سابق کسٹم افسر رہائش گاہ اسٹیٹ آفس کے حوالے کریں تاکہ قانون اور پالیسی کے مطابق اس کی الاٹمنٹ کی جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments