این ڈی ایم اے کا ملک بھرمیں بارشوں اور سیلاب کا الرٹ
آج سے 30 ستمبر تک بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں شدید بارشیں متوقع شانگلہ کی تحصیل بشام میں بارشوں سے تباہی ، ریلے میں 2بچے بہہ گئے ،خاتون زخمی
لاہور (نیوز ایجنسیاں)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے آج سے 30 ستمبر کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں، ژالہ باری اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے نظام میں شدت آئے گی، جس سے پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خدشہ ہے ۔موسمیاتی الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سوات، نیلم ویلی اور استور سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا امکان ہے ۔ دریں اثنا شانگلہ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بالائی علاقوں میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا اور سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جانے لگا۔ علاوہ ازیں تحصیل بشام میں آسمانی بجلی گرنے اور موسلادھار بارشوں کے باعث تباہی مچ گئی، اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں آکر 2بچے بہہ گئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ سیلابی ریلے سے پولیس سٹیشن بشام سمیت متعدد رہائشی مکانات، عمارتوں اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا جبکہ درجنوں گاڑیاں متاثر، بجلی کے کھمبے اور تاریں ٹوٹ گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments