پی ٹی آئی مارچ ملتوی، اسلام آباد نے سکھ کا سانس لیا: عظمیٰ
سہیل آفریدی کے افسردہ چہروں والے تین مزاحیہ پوسٹر بھی شیئر کردیئے ملزم چھڑانا تو عدالت جائیں ، ریاست شرپسندی سے نمٹنا جانتی :وزیراطلاعات
لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد مارچ ملتوی کیے جانے پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے تین مزاحیہ پوسٹرز شیئر کر د ئیے ۔ پہلے پوسٹر پر درج تھا۔ ‘‘انتشار مارچ ملتوی، اسلام آباد نے سکھ کا سانس لیا’’ جبکہ ساتھ ہی لکھا تھا‘‘اور مارچ نے اگلی تاریخ تک سکھ کا سانس لیا’’۔دوسرے پوسٹر میں اسلام آباد کی جانب سے سوال کیا گیا: اسلام آباد آرہے ہو؟ جس کے جواب میں انتشار مارچ کی جانب سے کہا گیا: نہیں، ابھی نہیں۔ اس پر اسلام آباد کا جواب تھا: اچھا، میں بھی آرام کرلیتا ہوں۔تیسرے پوسٹر میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کارکنوں سے سوال کرتے دکھائی دیتے ہیں: ‘‘آزادی یا موت؟’’ جس کے جواب میں کارکن کہتے ہیں: ‘‘تو رین دے بھائی’’۔تینوں پوسٹرز میں سہیل آفریدی کو افسردہ دکھایا گیا ہے ۔
دریں اثناانہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے سنگین واقعات ہو رہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی توجہ امن و امان کے بجائے سیاسی سرگرمیوں پر مرکوز ہے ۔ کوہاٹ میں دہشتگردی کے واقعہ پر کسی صوبائی عہدیدار کا نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے ۔ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ امن و امان پر توجہ دیں اور سی ٹی ڈی جیسے اداروں کو مضبوط بنائیں۔ آفریدی صاحب پورے پاکستان کا چپہ چپہ گھوم رہے ہیں، لیکن کارکردگی صفر ہے ۔ نیب نے اربوں روپے کے گھپلوں کی نشاندہی کی تو سب کو سانپ سونگھ گیا۔ زور صرف اس بات پر ہے کہ کرپشن سے آلودہ بڑے ملزم کو چھڑایا جائے ۔ اگر کسی ملزم کو چھڑانا ہے تو عدالت سے رجوع کریں۔ ایک جماعت نے ہمیشہ انتشار کی سیاست کی ہے اور اب بھی ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ریاست شرپسندوں سے نمٹناجانتی ہے ۔ پنجاب ہر شعبے میں سرِفہرست ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments