ہائی ٹینشن کیبلز میں آتشزدگی ایک شخص جھلس کر جاں بحق
کراچی(سٹاف رپورٹر)پی آئی بی کالونی عسکری پارک گیٹ نمبر 1 کے نزدیک ہائی ٹینشن کیبلز میں آگ لگ گئی۔ ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔
ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کا کہنا ہے کہ ریسکیو کی بروقت کارروائی کے باعث آگ پر قابو پا لیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے ۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہائی ٹینشن کیبلز کے پاس سے ایک شخص کی لاش بھی ملی۔ ملنے والی لاش مکمل طور پر جھلسی ہوئی تھی، لاش کی شناخت تاحال نہ ہو سکی ہے ، لاش کے پاس سے کچھ اوزار بھی ملے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاش نشے کے عادی فرد کی معلوم ہوتی ہے ، ممکنہ طور پر ہلاک شخص نے کیبلز کو کاٹنے کی کوشش کی جس دوران آگ لگ گئی، تاہم ملنے والی لاش کی شناخت کے ساتھ ساتھ مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ادھر ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق عسکری پارک کے قریب بی آر ٹی ترقیاتی کام والے علاقے میں کے الیکٹرک کیبلز میں غیر مجاز مداخلت کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی افسوسناک اطلاع ہے ۔، ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں،عوام سے گزارش ہے کہ بجلی کے نیٹ ورک سے حفاظتی فاصلہ برقرار رکھیں، غیر مجاز مداخلت حادثات کا باعث بنتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments