میر رضا کیس:پولیس افسروں کی حاضری سے متعلق درخواست مسترد
17 ستمبر کو آگاہ کیا جا چکا سینئر پولیس افسروں کی ذاتی حاضری طلب نہیں کی جائے گی اہلخانہ سوالات تحریری طور پر جمع کرا سکتے ، جو افسروں کو بھجوائے جائینگے ،جوڈیشل کمیشن
کراچی (سٹاف رپورٹر) میر رضا علی کیس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے ڈی آئی جی امیر فاروقی، اے آئی جی خان اور ڈی آئی جی فرخ لنجار کی ذاتی حاضری سے متعلق اہل خانہ کی درخواست مسترد کردی۔ جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں کمیشن نے تحریری حکام نامے میں کہا کہ اجلاس میں سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی، ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور پی ای او سی کوآرڈی نیٹر و ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز حیدرآباد شہریار میمن پیش ہوئے ، تینوں کے بیانات قلمبند کیے گئے ۔ میر رضا کے اہل خانہ نے ڈی آئی جی فاروقی، اے آئی جی خان اور ڈی آئی جی فرخ لنجار کو ذاتی طور پر طلب کرنے کی درخواست دائر کی تھی، تاہم کمیشن نے قرار دیا کہ 17 ستمبر کو پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا کہ سینئر پولیس افسران کی ذاتی حاضری طلب نہیں کی جائے گی، اہل خانہ اپنے سوالات تحریری طور پر جمع کرا سکتے ہیں، متعلقہ سوالات افسران کو بھجوائے جائیں گے ۔ کمیشن نے کہا کہ گزشتہ حکم کے بعد کوئی ایسا اہم واقعہ پیش نہیں آیا جس سے سابقہ ہدایات تبدیل کی جائیں، بلاوجہ احکامات تبدیل کرنے سے عوام کے کمیشن پر اعتماد کو نقصان پہنچے گا، اس لیے ذاتی حاضری کی درخواست مسترد کی جاتی ہے ۔ اہل خانہ کو ہفتہ کو دوپہر 2 بجے تک سوالات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ کمیشن نے ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جانب سے اپنی کوتاہیوں کو واضح طور پر تسلیم کرنے اور مناسب انداز میں جوابات دینے کو سراہا۔ کمیشن نے کارروائی 28 ستمبر کو صبح 11 بجے تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments