مالدیپ کی پارلیمنٹ کے وفد کا مزار قائد، سندھ اسمبلی کا دورہ

 مالدیپ کی پارلیمنٹ کے وفد کا مزار قائد، سندھ اسمبلی کا دورہ

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات دیرینہ، برادرانہ، اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ

کراچی (سٹاف رپورٹر)جمہوریہ مالدیپ کی پارلیمنٹ پیپلز مجلس کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد، جو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہے ، اسلام آباد کے بعد کراچی پہنچا، جہاں وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور بعد ازاں صوبائی اسمبلی سندھ کا دورہ کیا۔ مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد کے ہمراہ سیکریٹری صوبائی اسمبلی سندھ  جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن بھی موجود تھے ۔ اسپیکر سندھ اسمبلی سید  اویس قادر شاہ نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

مالدیپ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کے ہمراہ پیپلز مجلس کے اراکین ابراہیم شجاؤ، محمد شاہد، محمد اسماعیل، حسنی مبارک، ابراہیم نسیم، محمد علی، محمد ممدوح، حنان محمد رشید، ابراہیم دیدی، محمد داؤد، حسن وحید، احمد عیفان، آدم ظاہر، حماد عبداللہ اور ابراہیم شیفاز بھی وفد میں شامل تھے ۔ پاکستان مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر اور رکن قومی اسمبلی شائستہ خان بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔ وفد کو سینئر اسپیشل سیکریٹری سندھ اسمبلی ، محمد حسن شاہ نے صوبائی اسمبلی سندھ کی تاریخ، ارتقا اور پارلیمانی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات سندھ اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعلقات کے لیے ایک نیا روڈ میپ تشکیل دینے کا موقع ہے۔انہوں نے تجارت، سیاحت، تعلیم، صحت، نوجوانوں کی ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں پارلیمانی روابط اور تعاون بڑھانے پر زور دیا۔انہوں نے صوبائی سطح پر پاکستان مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی تاکہ باقاعدہ پارلیمانی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جا سکے ۔اس موقع پر پیپلز مجلس مالدیپ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے سندھ اسمبلی کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات کو دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قرار دیا۔ وفد کو تاریخی اولڈ اسمبلی ہاؤس کا دورہ بھی کرایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...