ایس سی او کا کوآرڈی نیشن اجلاس، بھارتی وفد کی اسلام آباد آمد

ایس سی او کا کوآرڈی نیشن  اجلاس، بھارتی وفد کی اسلام آباد آمد

اسلام آباد (دنیا نیوز) پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے کی ایک سالہ صدارت کے دوران نیشنل کوآرڈی نیٹرز کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔۔۔

 جس میں آئندہ سال اگست میں اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی تیاری کا آغاز کیا جائے گا۔بھارتی وفد بھی شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گیا ، تین روزہ اجلاس میں ایس سی او کے 10 رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈی نیٹرز شریک ہیں جو تنظیم کے اندر رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری کے ذمہ دار ہیں۔ اس اجلاس کے سلسلے میں 2 سال بعد کسی بھارتی وفد کی پاکستان آمد ہوئی ہے ۔ نیشنل کوآرڈی نیٹر الوک امیتابھ دیمری بھارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔اجلاس میں پاکستان کی 2026-27 کی صدارت کے پروگرام کو حتمی شکل دینے اور آئندہ اجلاسوں و تقریبات کی تیاریوں پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان نے رواں ماہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کی گردشی صدارت سنبھالی ہے ۔ پاکستان اپنی صدارت کے دوران علاقائی رابطہ کاری، جدت، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گا۔ کونسل آف نیشنل کوآرڈی نیٹرز کا اجلاس 30 ستمبر تک اسلام آباد میں جاری رہے گا ۔ایس سی او یوریشین سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کی تنظیم ہے جو 2001 میں چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان نے قائم کی تھی۔ پاکستان اور بھارت 2017 میں مکمل رکن بنے ، ایران نے 2023 میں شمولیت اختیار کی جبکہ بیلاروس 2024 میں تنظیم کا 10واں رکن بن گیا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...